• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب حکومت نے ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کو 6کروڑ 80 لاکھ کی ادائیگی کر دی

لاہور(خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت کی طرف سے ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کو واجب الادا رقوم کی مد میں 6کروڑ 80 لاکھ روپے کی ادائیگی کر دی گئی۔صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے ڈی جی پی آر آفس میں ادا کی جانے والی رقم کی تفصیلات اے پی این ایس اور پی بی اے کے نمائندوں کے حوالے کیں۔ اس موقع پر مذکورہ تنظیموں کے دیگر عہدیداران و نمائندوں کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ڈاکٹر محمد اسلم ڈوگر بھی موجود تھے۔نائب صدر اے پی این ایس ممتاز طاہراور پی بی اے کے نمائندے نوید کاشف نے واجبات کی ادائیگی پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزیرنے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت کے ذمہ واجب الادا تمام رقوم بہت جلد کلیئر کر دی جائیں گی، آنے والے دنوں میں اس مد میں بہت جلد مزید ادائیگیاں کی جائیں گی۔ اس مقصدکیلئے جن صوبائی محکموں کے ذمے ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کی رقوم واجب الادا ہیں ان کے سیکرٹریز کو فوری ادائیگی کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب دیگر صوبوں سے زیادہ بہتر انداز میں اشتہارات کی مد میں ادائیگیاں کر رہا ہے۔ ممتاز طاہر نےکہا کہ وفاق اور دوسرے صوبوں کو بھی پنجاب حکومت کو ادائیگی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنے واجبات جلد کلیئر کرنے چاہئیں۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت صمصام علی بخاری نے لاہور پریس کلب میں مستحق صحافیوں میں چیک تقسیم کیے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت میڈیا کے ساتھ تعاون اور صحافی برادری کے مسائل کے حل کو اپنا فر ض سمجھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جرنلسٹس سپورٹ فنڈ کی مد میں50صحافیوں کو امدادی چیک دیئے جا رہے ہیں ۔اس موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور جنرل سیکرٹری ذوالفقار مہتو نے پریس کلب کے ممبر صحافیوں کو در پیش مشکلات اور مسائل کی تفصیل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ لاہور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ دوسرے صوبائی دارالحکومتوں کے پریس کلبوں سے انتہائی کم ہے اس طرح صحافی کالونی میں بی بلاک کے متاثرہ صحافیو ں کا مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوا ۔ صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ خود پریس کلب کے عہدیدار وں کے وفد سے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کا اہتمام کرائیں گے ۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے صدر میاں اسلم اور سیکرٹری فیضان بنگش کو بھی مبارکباد دی ۔
تازہ ترین