• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، اورنج لائن منصوبہ، 20 مئی تک مکمل کرنے کا حکم، تعمیراتی کمپنیوں سے ایک کروڑ کی ضمانت طلب

اسلام آباد(آئی این پی ) سپریم کورٹ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تکمیل کیلئے 20؍ مئی کی ڈیڈ لائن دیدی، عدالت نے تین تعمیراتی کمپنیوں سے ایک ایک کروڑ کی گارنٹی طلب کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ وقت میں کام مکمل نہ ہوا تو گارنٹی ضبط کرلی جائیگی۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر کی وجہ سے کام تاخیر کا شکار ہوا ہے۔ جسٹس گلزار نے وارننگ دی کہ کنٹریکٹر کام نہیں کرتے تو انہیں جیل میں ڈالوادینگے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کیس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے 3 تعمیراتی کمپنیوں سے ایک ایک کروڑ کی گارنٹی طلب کرتے ہوئے کہا 20 مئی تک کام مکمل نہ ہوا تو گارنٹی ضبط کر لی جائیگی۔ عدالت نے جسٹس ریٹائرڈ جمشید اور جسٹس عبد الستار اصغر میں سے کسی ایک کو ٹیکنیکل کمیٹی کا سربراہ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا موجودہ سربراہ جسٹس زاہد حسین کام جاری رکھنا چاہتے ہیں تو پنجاب حکومت اس پر بھی غور کرے۔ عدالت نے پراجیکٹ ڈائریکٹر فضل حلیم پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر کی وجہ سے کام تاخیر کا شکار ہوا ہے،۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر تعمیراتی کمپنیوں سے بلیک میل ہورہے ہیں۔جسٹس گلزار نے اورنج ٹرین منصوبے کی رفتار پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا آپ کچھ کر نہیں رہے،ڈیڈ لائن پرڈیڈ لائن مانگ رہے ہیں۔

تازہ ترین