• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضم شدہ اضلاع کے عوام صوبے کے شہریوں کے برابر مستفید ہونگے‘وزیربلدیات

پشاور(نیوزڈیسک)خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب ضم شدہ اضلاع کے عوام صوبے کے دیگر اضلاع کے شہریوں کے برابر سہولیات سے مستفید ہوں گے۔ ضم شدہ اضلاع کے لوگ سب سے زیادہ توجہ کے مستحق ہیں اور انہیں ہر ممکن سہولیات پہنچا کر طویل عرصے پر محیط ان کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ قبائل نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں ہیں جن کا ہر کوئی معترف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع خیبر کے ایک روزہ دورے کے دوران مختلف ترقیاتی سکیموں کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ شہرام خان ترکئی نے ملاگوری میں پرائمری سکول کی نو تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا اوروہاں پرسکول کے بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور ان سے ان کے تعلیم سے متعلق مسائل دریافت کیے اس موقع پر شہرام خان ترکئی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خیبر جمشید خان اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حاجی جدون خان کو ہدایت کی کہ سکول کیلئے درکار فرنیچر اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت کو رپورٹ پیش کریں اس سلسلے میں وہ بھی ہر ممکن تعاون کریں گے۔ علاقہ مشران سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ہماری سب سے زیادہ توجہ کے مستحق بھی کیونکہ انہوں نے ہی ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔
تازہ ترین