• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باب خیبر ملین مارچ سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دے گا‘ خیرالبشر

پشاور( نیوز ڈیسک) جمعیت علماء اسلام ضلع پشاور کے امیر مولانا خیرالبشر ،جنرل سیکرٹری شیخ الحدیث مولانا سعید جان اور سکریٹری اطلاعات عظمت علی مہمند نے مشترکہ بیان میں کہا کہ 21اپریل کو عیور قبائل کے شہر میں ملین مارچ سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دے گا اور اس ملین مارچ سے سیاسی جماعتوں میں پہلے سے کہیں زیادہ بھونچال آئے گا۔حکومت غیر ملکی ایجنڈہ پرعمل پیرا ہے دینی مدارس اور علماء کو نشانہ بنایا جا رہا ہے،ملک بھر میں کامیاب ناموس رسالت ملین مارچوں سے حکومتی حلقے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔بھرپور عوامی شرکت حکومتی فیصلوں پر برملا عدم اعتماد کا اظہار ہے۔پاکستان کی اسلامی شناخت اور نظریاتی تشخص پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے ۔مولانا خیرالبشر نے کہا کہ اس وقت سب سے اہم مسئلہ پاکستان کے اسلامی تشخص اور نظریاتی تحفظ اور اس کو غیروں کے تسلط سے نکالنا ہے۔لبرل اور سیکولر بنانے کی کوشش اور سازشوں کے سامنے بند باندھنا پوری قوم کا فریضہ ہے موجودہ صورتحال میں چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علماء کا دامن پکڑنا ہو گا،علماء دین اسلام کے سچے مخافظ ہیں حکمرانوں کی پالیسیاں عوام کو کچلنے کے لیے ہیں جب تک عوام علماء کا ساتھ نہیں دیں گے اس وقت تک حالات نہیں بدلیں گے.عظمت علی مہمند نے کہا کہ عوام مہنگائی بےروزگاری اور امن و امان کی دگرگوں صورتحال سے تنگ ہو کر جمعیت علماء اسلام کے ملین مارچوں میں شرکت کر رہے ہیں.ہماری سیاست کا بنیادی محور پاکستان کی اسلامی شناخت کا تحفظ ہے.پاکستان کے نظریاتی تشخص کو مسخ کرنے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔
تازہ ترین