آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
اتوار 20؍رمضان المبارک 1440ھ26؍مئی 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پلوامہ واقعہ،بھارتی فضائیہ غیر یقینی صورتحال سے دوچارہے، ائیر مارشل علوی

اسلام آباد(وقائع نگار) سینٹر فار ائیرو سپیس اینڈ سیکیورٹی سٹڈیز (CASS)اور ساؤتھ ایشین سٹریٹیجک سٹیبلٹی انسٹیٹیوٹ (SASSI)یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام "PULWAMA: A STRATEGIC UNDERSTANDING"کے موضوع پر اسلام آباد میں ایک سیمینار کا انعقادہوا۔ ائیر مارشل شاہد اختر علوی ، ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (ٹریننگ) اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔پریزیڈنٹ سینٹر فار ائیرو سپیس اینڈ سیکیورٹی سٹڈیز ائیر چیف مارشل (ریٹائرڈ) کلیم سعادت نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ بھارتی بیانیہ میں دو باتوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ ایک کشمیری جدوجہد کا نقطہ آغاز انڈین جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ دوسرا پاکستا ن کے خلاف جارحانہ اقدام کو دہشت گردی کے خلاف کارروائی کہہ کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ ائیر مارشل شاہد اختر علوی نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد بھارتی فضائیہ غیر یقینی صورت حال سے دوچارہے جبکہ پاک فضائیہ نے انتہائی ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، دشمن کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ ہماری خود مختاری کے خلاف کی گئی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ چیئر پرسن (SASSI)یونیورسٹی ڈاکٹر ماریہ سلطان نے کہا کہ پاکستا ن پر حملے سے بھارت نے کشمیر کے مسئلے کو ایک بین الاقوامی مسئلہ بنا دیا ہے ۔ ائیرمارشل (ر)جاوید احمدنے کہا کہ بھارت نے خطے کے امن

کو خطرے میں ڈال کر اپنے سیاسی اور فوجی مقا صد حاصل کرنے کی کوشش کی ہے،ڈاکٹر شازیہ غنی نے کہا کہ بھارت نے اپنی جیو اکنامک حکمتِ عملی کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو ناقابلِ برداشت نقصان پہنچایا ہے۔ ڈائریکٹر CASS ، ڈاکٹر عثمان چوہان نے FATF پر گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ بہتر معاشی منصوبہ بندی اور اس کو عملی جامہ پہنانا پاکستان کے وسیع تر مفادمیں ہے۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں