سلمان خان کے چلبل پانڈے کے کردار نے جہاں مداحوں کو اپنا دیوانہ بنایا ہوا ہے وہیں ان کے مداح ’دبنگ 3‘ میں چلبل پانڈے کو پھر سے دیکھنے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار اور ہدایت کار ارباز خان نے انکشاف کیا ہے کہ دبنگ سیریز کی تیسری فلم ’دبنگ 3‘ رواں سال دسمبر کے آخری ہفتے میں سینما گھروں کی زینت بن جائے گی جس کے ہدایت کار پربھو دیوا ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران ارباز خان کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ دسمبر کے آخری ہفتے کے دوران فلم ریلیز کر دی جائے گی، تاہم یہ شائقین سے وعدہ نہیں ہے، فلم کی شوٹنگ اور پروڈکشن میں تاخیر کے امکانات بھی موجود ہیں۔
ارباز خان کی پروڈکشن میں بننے والی دبنگ سیریز کی پہلی فلم 2010ء میں ریلیز ہوئی تھی جبکہ ’دبنگ 2‘ اس کے 2 سال بعد2012 ء میں نمائش کے لیے پیش کی گئی ، اب اس سلسلے کی تیسری فلم ’دبنگ 3‘ میں 7 سال بعد سلمان خان پھر سے چلبل پانڈے کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے، جبکہ اس دفعہ بھی ان کے ہمراہ سوناکشی سنہا اس فلم میں بھی جلوے بکھیریں گی۔
واضح رہے کہ سوناکشی سنہا نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز فلم ’دبنگ‘ سے ہی کیا تھا جس کے بعد سے وہ اب تک متعدد فلموں میں کام کر کے اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑھ چکی ہیں۔