• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

حکومت کی نااہلی ثابت ہوچکی، ملک نہیں چلاسکتی، بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی ثابت ہوچکی، ملک نہیں چلاسکتی ، حکومت تذبذب کا شکار ہے، ملک میں استحقام بہت ضروری ہے،وقت پر آئی ایم ایف جانا چاہیے تھا، اٹھارویں ترمیم ختم کرکے سب کچھ مرکز منتقل کرنا سازش ہے، تمام تر سازشیں ناکام بنائیں گے۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اوجھا کیمپس میں بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے صحت کے شعبے کا اسٹرکچر کچھ کمزور ہے، اسے مزید بہتر کرنا ہے، پبلک سیکٹر میں کڈنی، لیور اور بون میرو سینٹرز کا قیام کامیابی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گمبٹ میں جو اسپتال قائم ہوا وہ سندھ حکومت کی کامیابی ہے، اسی طرح جے پی ایم سی (جناح اسپتال) کی بہتری اور سائبر نائف سینٹر قائم ہونا بھی ایک کامیابی ہے۔ ہم نے سندھ کے ہر سرکاری اسپتال کو بہتر سے بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کام کرنا چاہتے ہیں لیکن وفاق سے سندھ حکومت کو فنڈز نہیں مل رہے، ہمیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ، این جی اوز سے ملکر مفت صحت کی سہولیات دینی ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ صوبے کے وسائل پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے، سندھ کو اپنے حصے سے 50 فیصد کم پیسہ مل رہا ہے، ہم جدوجہد کرکے وفاق سے اپنے حقوق اور وسائل چھین لیں گے، وفاقی حکومت سے 50 فیصد کم اخراجات پر اسپتال بنائیں گے۔

چیئرمین بلاول نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سے نیا این ایف سی ایوارڈ نہیں ملا، این ایف سی ایوارڈ پر نواز شریف دور میں عمل ہوا نہ اب ہورہا ہے، نیا این ایف سی ایوارڈ آنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد ہم تھر میں انقلاب لے کر آئے ہیں،18 ویں ترمیم کے بعد سندھ میں جگہ جگہ انقلاب لائے ہیں۔18ویں ترمیم ختم کرکے سب کچھ مرکز میں منتقل کرنے کی سازش کی جارہی ہے،18ویں ترمیم کے خلاف سازشیں ناکام ہوں گی، یہ شہید بے نظیر بھٹو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کا آئین ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کی نااہلی ثابت ہوچکی، یہ ملک نہیں چلاسکتے، ہمارا شروع سے موقف رہا ہے وزیراعظم اور کابینہ نااہل ہے، ہمارے وزیر، مشیر لگاکر تسلیم کررہے ہیں کہ پیپلز پارٹی ہی ملک چلاسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت مان گئی کہ پیپلز پارٹی کے لوگوں کو ہی پتہ ہے حکومت کیسے چلانی ہے،نیا پاکستان تو سندھ اور تھر میں بن رہا ہے، ہم بجلی اور اسپتالیں بنا رہے ہیں۔اُن کا مزیدکہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہے،سازشی عناصر کٹھ پتلی حکومت بناکر عوام کے حقوق چھیننا چاہتےہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم کو حق ہے جس کو چاہیں وزیر بنائیں، عمران خان صرف وزراء تبدیل کرتے رہے، اسد عمر کو تب ہٹایا گیا جب آئی ایم ایف سے ڈیل ہورہی تھی، ایسے اچانک وزیر خزانہ ہٹایا گیا، جو یقیناً بے عزتی کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء کالعدم تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہیں، انہوں نے دہشتگردوں کے ساتھ ملکر انتخابی مہم چلائی، پی ٹی آئی نے دہشتگردی سے متعلق اپنا مؤقف تبدیل کیا ہے، انکو دہشتگردوں سے روابط والوں کو ہٹانا ہوگا۔

بدریں اثناء تقریب سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے شعبہ صحت میں بھرپور کام کیا ہے۔ ہماری خدمات کے باعث سندھ کے عوام نے ہمیں تیسری مرتبہ منتخب کیا۔

قبل ازیں، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں بون میرو ٹرانسپلانٹ(ہڈیوں کے گودے کی منتقلی) یونٹ کا افتتاح کیا ، انہیں اسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ بھی کرایا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر صوبائی وزرا بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ تھے۔

تازہ ترین
تازہ ترین