• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باہمی اتحاد وقت کی ضرورت ہے، والدین اسکول انتظامیہ سے مذاکرات کرکےبچوں کوجنسی نصاب سےبچائیں،علمائےکرام

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) مسلم امہ کا اتحاد بقائے انسانیت کے لئے مفید اور وقت کی ضرورت ہے۔ برطانیہ یورپ کے مسلمانوں کو ہر قسم کی فرقہ واریت اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اسوۂ نبی آخرالزمان تاجدار انبیاء سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی و اطاعت کرنی چاہئے اور اپنی اولاد کی حب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے حصول کی عملی تربیت کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار قادریہ جیلانیہ اسلامک سنٹر مانچسٹر میں استقبال رمضان و فضائل شب برأت کی تقریب کے موقع پر کیا۔ تقریب میں ڈاکٹر مفتی مصطفیٰ رضا قادری مہمان خصوصی تھے جبکہ صدارت سجاد نشیں مفکر ملت سابق بانی صدر مرکزی جماعت اہل سنت برطانیہ اوورسیز مرحوم حضرت علامہ احمد نثاربیگ قادری کے صاحبزادہ احمد وقار بیگ قادری نے کی۔ اس موقع پر پاکستان کے معروف عالم دین مفتی علامہ قاری قاضی سعید الرحمان قادری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامک سینٹر قادریہ جیلانیہ کے بانی مفکر ملت علامہ احمد نثار بیگ قادری نے برطانیہ یورپ میں پروان چڑھنے والی تین نسلوں میں حب رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور اہل سنت کی بے پناہ خدمت اور آبیاری کی، آج ان کی نیک اولاد ان کے مشن کو لیکر آگے چل رہی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر مفتی مصطفیٰ رضا قادری نے کہا کہ برطانیہ میں اپنی نئی نسل کو معاشرتی برائیوں سے بچانے اور قرآن و سنت کے مطابق ان کی تربیت کے لئے والدین کو وقت دینا چاہئے، خصوصاً برطانیہ میں نئے تعلیمی نصاب میں کم عمر بچوں کو جنسیات کی تعلیم کے خلاف سکول گورنرز، ہیڈ ماسٹرز کے ساتھ مل کر ان کو قائل کرکے اپنے بچوں کو اس سے محفوظ کرائیں۔ سجادہ نشیں مفکر ملت علامہ احمد نثار بیگ قادری کے صاحبزادہ احمد وقار بیگ قادری نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور یہ مبارک مہینہ جس کی پندرھویں شب، شب برأت پرخلوص عبادت کی رات ہے، ہمیں رسومات سے بچتے ہوئے پٹاخے اور آگ سے کھیل کود کی بجائے اللہ کی عبادت، قرآن پاک کی تلاوت اور ذکر و درودسلام کی محافل منعقد کرنی چاہئیں اور خود کو رمضان المبارک کی رحمت بھری راتوں کو عبادت دن کو روزہ رکھنے کے لئے تیار کرنا چاہئے۔ اس تقریب سعید میں استاد محمد صفدر، شہزاد مرزا، محمد افضل، سید زاہد حسین شاہ، محمد دائود، فاروق احمد قادری، محمد اشرف کے علاوہ بڑی تعداد میں حفاظ کرام و نعت خوانوں نے ہدیہ بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم پیش کیا گیا۔

تازہ ترین