• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور فرانس کے باہمی تعاون سے شعبہ آثار قدیمہ کو تاریخی حیثیت مل گئی، معین الحق

پیرس(رضا چوہدری) پاکستان اور فرانس کے درمیان آثار قدیمہ پر باہمی تعاون کے 60سال مکمل ہونے پر گزشتہ روز سفارت خانہ پاکستان میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام ایسوسی ایشن برائے پاکستان دوستی گروپ کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس تقریب میں فرانسیسی وزارت خارجہ، فرانسیسی آثار قدیمہ مشن کے اراکین، سکالرز، محققین اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ارورے دیدیئر سربراہ فرانسیسی آثار قدیمہ برائے انڈس بیسن نے اس موقع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آثار قدیمہ کے مقامات کی کھدائی کے دوران سندھ میں امری اور بلوچستان میں مہرگڑھ نندواری، نوشہرو، مری قلات اور شاہی مقبرہ دریافت کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مشن خاص طور پر بلوچستان میں مہر گڑھ کی دریافت پر فخر کرتا ہے کیونکہ یہ جنوبی ایشیاء کے خطے کی سب سے پرانی تہذیب ہے۔ فرانسیسی آثار قدیمہ برائے انڈس بیسن 1958میں بنایا گیا تھا۔ڈاکٹر دیدیئر نے کہا کہ گزشتہ 60سالوں میں وسیع پیمانے پر تحقیق اور گہرے مطالعے کے بعد پاکستانی اور فرانسیسی ماہرین آثار قدیمہ نے پاکستان میں موجود ہزاروں سال پرانی تہذیبوں کے وجود کو نمایاں کیا ہے اور ان سے متعلق انتہائی قیمتی مواد بھی اکٹھا کیا ہے۔ معین الحق سفیر پاکستان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں فرانسیسی آثار قدیمہ کی انتظامیہ کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ فرانس اور پاکستان کے درمیان آثار قدیمہ کے شعبہ میں مضبوط اور مسلسل تعاون کے باعث یہ شعبہ ایک تاریخی حیثیت حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے سندھ اور بلوچستان میں آثار قدیمہ کی اہم دریافتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں موجود قدیم ثقافتوں اور تہذیبوں کو سمجھنے کیلئے فرانسیسی آثار قدیمہ مشن پاکستان کا اہم شراکت دار ہے۔انہوں نے فریڈریکا سنبرگ، صدر برائے ایسوسی ایشن فرینڈز آف پاکستان اور ایسوسی ایشن کے اراکین کا اس پروقار تقریب کا انعقاد کرنے پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فرانسیسی آثار قدیمہ مشن برائے انڈس بیسن اور فرانسیسی حکومت کی طرف سے پاکستانی طالب علموں اور محققین کو آثار قدیمہ کے مقامات کی کھدائی کے طریقوں اور آثار قدیمہ کے شعبے میں تربیت اور مہارت دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں، سفیر پاکستان نے فرانسیسی آثار قدیمہ کے مشن کے پاکستان میں 60سال مکمل ہونے پر پروفیسر جیرگ کی بیوہ اور بینوال کے بیٹے اور ڈاکٹر دیدیئر کو یاد گاری شیلڈز پیش کیں۔

تازہ ترین