• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ہائی کمیشن لندن میں گریٹر مانچسٹر کی ہائی شیرف ڈاکٹر روبینہ شاہ کے مجسمے کی نقاب کشائی


لندن( جنگ نیوز) پاکستان ہائی کمیشن لندن میں گزشتہ روز گریٹرمانچسٹر کی ہائی شیرف ڈاکٹر روبینہ شاہ کے مجسمے کی نقاب کشائی کی گئی، معاشرے کیلئے ڈاکٹر روبینہ شاہ کی قابل قدر خدمات اور ان کی کامیابیوں کے اعتراف کے طورپر ایک معروف ادارے ’’نان زیرو ون‘‘ نے یہ مجسمہ تیار کرایاتھا۔ ڈاکٹر روبینہ شاہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس اعزاز کیلئے منتخب کی جانے والی 25خواتین میں شامل کیاجانا میرے لئے ایک اعزاز ہے انھوں نے کہا کہ ان خواتین کی خدمات کابھی اعتراف کیاجانا چاہئے جو اب بھی مختلف شعبہ زندگی میں خدمات انجام دے رہی ہیں، انھوں نے کہا میں نے جو بھی کامیابیاں حاصل کیں اس کااصل سبب میرے گرد موجود اچھے لوگ تھے، جنھوں نے میری حوصلہ افزائی کی اور مجھے کام کرنے کی ترغیب دی، انھوں نے لندن ہائی کمیشن میں مجسمے کی نقاب کشائی کرانے پر پاکستانی ہائی کمشنر کاشکریہ ادا کیا، اس موقع پر اپنی تقریر میں پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے ڈاکٹر روبینہ شاہ کو نوجوانوں کیلئے رول ماڈل قرار دیا، اور کہا کہ ڈاکٹر روبینہ شاہ ہائی شیرف کا باوقار عہدہ سنبھالنے والی پہلی مسلمان برٹش پاکستانی تھیں ،برٹش پاکستانی اور پاکستان کے عوام کو ڈاکٹر شاہ کی خدمات اور کامیابیوں پر فخر ہے انھوں نے کہا کہ میرا پختہ یقین ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی کاسنگ میل ہوتی ہیں، اس موقع پر انھوں نے قائد اعظم کے اس قول کاذکر کیا جس میں انھوں نے خواتین کو قلم اورتلوار سے زیادہ طاقت ور قرار دیاتھا، انھوں نے اس موقع پر گزشتہ 70سال کے دوران مختلف شعبہ زندگی میں پاکستانی خواتین کی خدمات کاایک جائزہ بھی پیش کیا، انھوں نے بتایا کہ پاکستان کی حکومت پاکستانی خواتین کو سیاسی وار اقتصادی طورپر بااختیار بنانے کا عہد کئے ہوئے ہے،انھوں نے پاکستان کی سیاست میں اور دوسرے شعبوں میں خواتین کے حقوق اور ان کی شرکت کے بارے میں پائے جانے والے غلط تصورات کی تردید کی۔ رائل کالج آف جنرل پریکسٹیشنرز کی کونسل کے پروفیسر کلیئر گیراڈا نے اس تقریب میں شرکت کی اور اپنی تقریر میں ڈاکٹر روبینہ شاہ کی خدمات کی تعریف کی، کیٹ ہیریسن اور جون ہنٹر نے ’’نان زیرو ون‘‘ کے کام کے بارے میں پریزنٹیشن دی اور بتایا کہ یہ آرٹسٹوں کااجتماعی ادارہ ہے، انھوں نے معاشرے میں خدمات کی بنیاد پر مجسمہ سازی کیلئے 25 معروف خواتین کے انتخاب کے طریقہ کار کے بارے میں بھی بتایا،ڈاکٹر روبینہ شاہ یورپ میں پہلی خاتون ہیں جنھوں نے جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے معذور بچوں کی مدد کی ضرورت کے حوالے سے تحقیقی مقالہ شائع کرایا ہے۔ڈاکٹر روبینہ شاہ پہلی ایشیائی خاتون ہیں ملکہ نے جنھیں ذاتی طورپر گریٹر مانچسٹر کاہائی شیرف مقرر کیاتھا۔
تازہ ترین