• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونان کاجرمنی سے جنگی جرائم پر290ارب یورو ہرجانہ مانگنے کا فیصلہ


ایتھنز(آئی این پی) یونان کی پارلیمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ نازی جرمنی کی جانب سے دوسری عالمی جنگ کے دوران کیے جانے والے خوفناک جنگی جرائم اور یونان کو پہنچنے والے بے پناہ مالی نقصانات کے ازالے کے لیے جرمنی سے 290ارب یورو بطور ہرجانہ طلب کیا جائے گا۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان کی پارلیمنٹ کے فیصلے کے تحت دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے 70 سال سے بھی زائد عرصے کے بعد جرمنی سے باضابطہ مطالبہ کیا جائے گا کہ برلن ایتھنز کوسینکڑوں ارب یورو بطور زر تلافی ادا کرے۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق یونان کی پارلیمنٹ نے یہ فیصلہ اکثریت کی بنیاد پر کیا ہے۔ایوان میں مسودہ قرارداد پارلیمانی اسپیکر نیکوس ووٹسِس نے پیش کیا جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ایسے تمام سفارتی اور قانونی اقدامات کرے جو جرمنی سے مالی ازالے کی وصولی کے لیے ناگزیر ہوں۔ یونان کی پارلیمنٹ میں پیش کردہ قرار داد کے مطابق ابتدا میں یونان جرمنی سے یہ مطالبہ زبانی طور پربذریعہ سیاسی قیادت کرے گا۔عمومی طور پر اگر کوئی ریاست ایسا کرنے کی خواہش مند ہوتی ہے تو اسے اپنا مطالبہ تحریری طور پر جرمنی کی وزارت خارجہ کو دینا ہوتا ہے۔یونان کے وزیر اعظم الیکسس سپراس نے اس ضمن میں پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی سے اس زر تلافی کی ادائیگی کا مطالبہ کرنا ہمارا ایسا تاریخی اور اخلاقی فرض ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی جا سکتی ہے۔
تازہ ترین