• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی شاہراہ کے ہوٹلوں پر چھاپے، 2لاکھ روپے جرمانہ غیر معیاری تیل ضائع

سکھر (بیورو رپورٹ) سندھ فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی قومی شاہراہ پر غیر معیاری اشیاء فروخت کرنیوالے ہوٹلوں کیخلاف کارروائی، موٹروے پولیس کی نگرانی میں متعدد ہوٹلوں پر چھاپے مارکر 150لیٹر غیر معیاری تیل ضائع کردیا گیا، 2لاکھ روپے سے زائد جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ آئی جی موٹر وے اے ڈی خواجہ کی خصوصی ہدایت پر ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو کی زیر نگرانی موٹر وے پولیس اور سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے نیشنل ہائی ویز روہڑی اور پنوعاقل میں غیر معیاری کھانے پینے کی اشیاء رکھنے اور فروخت کرنے والے مختلف ہوٹلوں پر چھاپے مارے گئے۔ اس دوران 150 لیٹر غیر معیاری کھانے کا تیل ضائع کرنے سمیت 2لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ اس موقع پر سندھ فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹر عائشہ جونیجو نے مختلف ہوٹلوں میں صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا، صفائی کے ناقص انتظامات پر مختلف ہوٹلوں کے مالکان پر جرمانہ عائد کرنے سمیت انہیں وارننگ بھی جاری کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو بھی عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی، ہوٹلوں پر کھانے پینے کی غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء فروخت کرنے پر مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے موٹر وے پولیس کے تعاون کا شکریہ بھی ادا کیا۔

تازہ ترین