• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی ٹیم مہنگائی کم کرے، ادویات کی قیمتیں 300 گنا بڑھ جائیں تو باقی کیا بچا، بجٹ میں عوام کو ریلیف یقینی بنائیں، انہیں جوابدہ ہیں، عمران خان

اسلام آباد(نمائندگان جنگ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزراء کی کارکردگی کی مانیٹرنگ جاری رہے گی، نئی ٹیم مہنگائی کم کرے، نیا ہو یا پرانا عوام کا احساس نہ کرنیوالا کابینہ میں نہیں رہیگا، میری ٹیم کا جو فرد بھی عوام کی توقعات کے مطابق خدمت نہیں کریگا، اسے ہٹانے میں دیر نہیں لگائوں گا،کوئی وزیرمستقل نہیں، عوام کو ریلیف یقینی بنائیں ،میں انہیں جوابدہ ہوں، اگر ادویات کی قیمتیں ہی300 گنا بڑھ جائیں تو باقی کیا بچتا ہے؟ اسد عمر کی واپسی کیلئے پرامید ہوں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بنی گالہ میں پارٹی رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان ، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ ،وفاقی وزراء شیخ رشید ،عمر ایوب خان ،مراد سعید ، علی زیدی ، خسرو بختیار ،حماد اظہر ، فیصل واوڈا ، مشیر نیب امور بیرسٹر شہزاد اکبر ، مشیر میڈیا یوسف بیگ مرزا ، مشیر سی ڈی اے امورعلی نواز اعوان ، ندیم افضل چن ، زرتاج گل ، عثمان ڈار نے شرکت کی،اجلاس میں پنجاب اورخیبرپختونخواکے وزرائے اعلیٰ پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں اسد عمر، فواد، غلام سرو ،شہر یار آفریدی، عامر کیانی نے شرکت نہیں کی، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ ذاتی مصروفیات کے باعث نہیں آیا۔ دوسری جانب مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے وزیراعظم سے ملاقات نے ملاقات کی،جس میں انہوں نے وزیراعظم کو آئی ایم ایف حکام سے متعلق گفتگو پر اعتمادمیں لیا،بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ وہمعاملات اسدعمرکی طرز پر چلائیں گے۔ فردوش عاشق اعوان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مشیرخزانہ بااختیار ہوں گے،نئی معاشی ٹیم کو کچھ ٹارگٹ دیئے ہیں۔پارٹی رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ حکومت ملک میں غربت کے خاتمہ، قانون کی حکمرانی ، عام آدمی کو زندگی کی سہولتیں فراہم کرنے سمیت جو اقدامات کر رہی ہے، انہیں ٹاک شوز میں بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے،تاکہ اپوزیشن کے جو نمائندے ٹاک شوز میں تنقید اورجھوٹے الزامات لگاتے اور حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہیں، انہیں بھرپور جواب مل سکے ،انہوںنے کہاکہ اسد عمر اچھے آدمی ہیں، ان کی واپسی کیلئے پرامید ہوں،اگر کابینہ میں ہوں گے تو اس کا حکومت کو ہی فائدہ ہے،ہم انہیں کابینہ میں واپس آنے کیلئے کہیں گے،عمران خان نے معاشی ٹیم کومہنگائی کرنے کا ہدف دیتےہوئے کہاکہ عوام کوریلیف دیں، مجھے پانچ سال بعد عوام کوجواب دیناہے۔انہوں نے کہاکہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو مکمل اختیارات حاصل ہونگے،وہ اہل اور قابل معیشت دان ہیں، انہوں نے ماضی میں بھی ملکی معیشت کو دبائو سے نکالا، ہماری مثبت معاشی پالیسیوں سے جلد ہی ملک معاشی مسائل سے باہر نکل آئے گا، مسلم لیگ ن کے دور میں اسحٰق ڈار نے ملکی معیشت کو تباہ کیا لیکن اسے تبدیل نہیں کیا گیا تھا ، ہماری معاشی پالیسی عوام کے سامنے زیادہ سے زیادہ اجاگر ہونی چاہئے، ہم صحت اور تعلیم کے شعبوں میں انقلاب لا رہے ہیں۔ انہوں نے مشیر صحت ڈاکٹر ظفراللہ سے کہا کہ اپنی وزارت میں کرپشن ختم کرنے اور اسکی مانیٹرنگ کیلئے سیل بنائیں اور ادویات کی قیمتیں غیر معمولی طور پر کم سطح پر لانے پر توجہ دیں،انہوںنےپنجاب اور کے پی کے ،کے وزرائے اعلیٰ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کام جاری رکھیں گے،انہوںنے وزیر ریلوے شیخ رشید کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپوزیشن کے دور میں بھی بڑی محنت سے کام کیا ہے،بنی گالہ اجلاس کی قابل غور بات یہ ہے کہ چند ایسے وزراء جن کی وزارتیں تبدیل کردی گئیں یا پھر وزارت دی نہیں گئی، انہوں نے پارٹی کے اہم اجلاس میں شرکت نہیں کی یا انہیں دعوت نہیں دی گئی،ان میں سابق وزیرخزانہ اسد عمر، فواد چوہدری غلام سرو خان ،شہر یار آفریدی اور عامر کیانی شامل ہیں۔ ٖ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد نے وضاحت کردی ہے کہ وہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے لاہور گئے تھے اسلئے اس اجلاس میں شریک نہیں ہو ئے۔ دریں اثناوزیراعظم سےمشیرخزانہ حفیظ شیخ نے ملاقات کی،جس میں انہوں نے وزیراعظم کو آئی ایم ایف حکام سے متعلق گفتگو پر اعتمادمیں لیا، ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمشیر خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا عمل بھی تیز کیا جائے گا، پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا عمل آگے بڑھانا چاہتا ہے۔حفیظ شیخ نے کہا کہ بجٹ کی تیاری کیلئے میڈیم ٹرم اسٹریٹجی پیپر کیلئے ہدایات دے دیں، بجٹ 24 مئی کوپیش کیا جاسکتا ہے،معاملات اسد عمر کی طرز پر چلاؤں گا۔قبل ازیں ازیں مشیر خزانہ نےآئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جیہاد ازور کے ساتھ گفتگو کے بعد آئی ایم ایف کے پاکستان مشن کے سربراہ ایرنیستو ریمائرز ریگو سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے پاکستان کے لئے آئی ایم ایف کے امدادی پروگرام کیلئے مذکرات کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے پر اپنے عزم کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ آئی ایم ایف کا مشن رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عمران خان سے ملاقات کی ۔ جس میں پنجاب کی صورتحال پر بات چیت کی گئی ۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو صوبائی وزراء کی مانیٹرنگ سخت کرنے کی ہدایت کرتےہوئے کہاکہ عوام کو ر یلیف فراہم کرنے کیلئے تمام ضرور ی اقدامات کئے جائیں۔ذ رائع کے مطابق وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو کام جاری رکھنے کیلئے گرین سگنل د یدیا ہے۔ معاون خصوصی بر ائے ہیلتھ ڈاکٹر ظفر اللہ نےبھی وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر ظفر اللہ کو صحت کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق مکمل اختیار دیدیا ہے۔ ڈاکٹر ظفر اللہ کو نئی میڈیکل ٹیم ، اصلاحات اور تقرر و تبادلوں کو بھی اختیار دیدیا گیا ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ فوری طور پر ادویات کی قیمتیں واپس لا ئی جائیں ۔ ڈاکٹر ظفرنے یقین د لایا کہ وزیراعظم کے احکامات پر مکمل عمل کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اقتصادی امور حفیظ شیخ کو انکی وزارت کے حوالے سے مکمل اختیارات دئیے گئے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اجلاس میں اہم قومی امور پر تبادلہ خیال کیا گیااور تمام وزارتوں کو اہداف دیئے گئے جبکہ نئی اقتصادی ٹیم کوذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔اسکے علاوہ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ رمضان میں عوام کو بھر پور ریلیف فراہم کیا جائے۔ اقتصادی ٹیم کو تحریک انصاف، وزیراعظم عمران خان کے وژن، پاکستان کے قومی مفاد اور عوام کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنے کے بعد انہیں کچھ اہداف دئیے گئے ہیں ، اقتصادی ٹیم کو وزیراعظم نے باور کرایا ہے کہ کس طریقے سے22 کروڑ عوام کی ہم سے جڑی توقعات کو پورا کرنا ہے، اور کس طرح انہیں بڑھتی ہوئی مہنگائی سمیت دیگر مشکلات سے نکالنے کیلئے حکمت عملی تیار کرنی ہے، انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری خود سپوک پرسنز کمیٹی کا حصہ ہیں انہوں نے مطلع کیا تھا کہ وہ لاہور میں موجودگی کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہو رہے اور آئندہ اجلاس میں شرکت کرینگے۔ اسد عمر کی غیر موجودگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ کابینہ کا اجلاس نہیں تھا،حکومتی ترجمانوں کا اجلاس تھا۔انہوں نے کہا کہ گھر کے فرد اور ٹیم کو منایا نہیں جاتا اسد عمر جلد واپس آئیں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا نے اسٹیٹس کو کیخلاف اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیر اعظم آج کوئٹہ میں نئی ہا ئوسنگ سکیم کا افتتاح کرینگے۔

تازہ ترین