• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کے بغیر پارلیمنٹ نہیں چل سکتی،مثبت تجاویز دے، حکومت

اسلام آباد ( جنگ نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے بغیر پارلیمنٹ اور جمہوریت نہیں چل سکتیں۔بنی گالہ میں پارٹی ترجمانوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو پارلیمنٹ کو یرغمال نہیں بنانا چاہیے، خواہش ہے اپوزیشن مثبت تجاویز پیش کرے، وزیراعظم نے نئی معاشی ٹیم کو کچھ ٹارگٹ دیئے ہیں اور نئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو بااختیار بنایا گیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے معاشی ٹیم کو مہنگائی کم کرنے کے لیے حکمت عملی طے کرنے کو کہا ہے۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، ہم یقینی بنا رہے ہیں کہ آنے والے بجٹ میں عوام کو ریلیف دیں۔تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کی ناراضی سے متعلق سوال پر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ منایا اس کوجاتا ہے جو روٹھ جائے، اسد عمر ہمارے ساتھ ہیں اور جلد واپس آئیں گے، اسد عمر عمران خان کے ویژن کا دفاع کریں گے۔آج کے اجلاس میں فواد چوہدری کی عدم شرکت سے متعلق سوال پر مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ ترجمانوں کی میٹنگ تھی اور فواد چوہدری نے بتا دیا تھا کہ وہ لاہور جارہے ہیں، اگلے اجلاس میں فواد چوہدری بھی شرکت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عمر ایوب کو وزارت پیٹرولیم کا اضافی چارج دیا جا رہا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا سے رابطہ استوار کرنے جا رہے ہیں محاذ آرائی نہیں، کچھ میڈیا کی سنیں گے اور کچھ اپنی سنائیں گے، دونوں کی جیت ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ خان صاحب کی شکر گزار ہوں میری اور میڈیا کی پارٹنر شپ بنائی ، میڈیا ورکرز کی بہتری ہماری ترجیح ہے، ہم میڈیا سے رابطے میں ہیں۔

تازہ ترین