• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں سے زیادتی میں ملوث ملزمان کیلئے سزائے موت کے قانون کی تجویز

اسلام آباد ( صالح ظافر) بچوں سے زیادتی میں ملوث ملزمان کیلئے سزائے موت کے قانون کی تجویز دی گئی ہے، ان ملزمان پر دہشتگردی کے قوانین کے تحت انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں مقدمہ چلایا جاسکے گا۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ اس مقصد کیلئے قومی اسمبلی کے کل ہونے والے اجلاس میں قانون سازی کیلئے پیش رفت ہوگی۔ پارلیمنٹ کا اجلاس 6 ہفتوں کے طویل وقفے کے بعد منعقد ہوگا اور ماہ رمضان کے مقدس مہینے کے موقع پر مئی کے پہلے ہفتے میں اجلاس ایک بار پھر تعطل کا شکار ہوسکتا ہے۔ حکومت نے بچوں کیخلاف جنسی زیادتی میں ملوث ملزمان کو سنگین سزا دینے کیلئے قانون سازی کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ آئیڈیا قصور میں معصوم بچی زینب کیساتھ اندوہناک واقعے کے بعد سے زیر بحث تھا۔ حال ہی میں اس طرح کے مزید واقعات بھی سامنے آچکے ہیں۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے بھی اس قانون سازی کی حمایت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن ججز کی تعداد بڑھانے کے بل کی بھی حمایت کرے گی۔ پارلیمنٹ کے سیشن کے پہلے روز وزیراعظم اور اپوزیشن رہنما دونوں ہی غیر حاضر ہوں گے اور دونوں پورا ہفتہ ہی اجلاس سے دور رہ سکتے ہیں۔ عمران خان اور شہباز شریف کی طرح وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی ملک سے باہر ہونے کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ حکومت اور اپوزیشن کے کئی اہم ارکان بھی اجلاس کے پہلے سیشن سے غیر حاضر رہ سکتے ہیں تاہم اس کے باوجود کئی ایشوز پر گرما گرم بحث کی توقع ہے۔ دوسری جانب اسپیکر اسد قیصر کی جانب سے تاحال مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کئے گئے ہیں، وہ لاہور میں نیب کی حراست میں ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر اتوار تک ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے گئے تو وہ بھی اجلاس میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی صحت کے معاملے پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔ اپوزیشن اراکین پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور ان کے اہلخانہ کیخلاف چھاپوں کا معاملہ بھی اٹھائے گی۔ اپوزیشن کے کئی رہنما بشمول آصف زرداری نیب کی ہٹ لسٹ پر ہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر بھی احتجاج سامنے آسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے 25 اپریل سے سینیٹ کا اجلاس بھی شروع ہوگا۔

تازہ ترین