• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشتہارات کی ادائیگیاں، حکومت کمیٹی بناکر صحافی شامل کرے، پی ایف یو جے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)نے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں کے حقوق اور تحفظ کے لیےمجوزہ بل ’’قومی اسمبلی اور سینیٹ‘‘ سے منظور کیا جائے۔ پی ایف یو جے نے اعلان کیا کہ یکم مئی کو ملک بھر میں ’’یوجیز‘‘ مزدور تنظیموں کے ساتھ مل کر جلسے اور ریلیاں نکالیں گی جبکہ 3مئی کو ’’عالمی یوم صحافت‘‘ منایاجائے گا اور اس دن یوجیز تقریبات کا اہتمام کریں گی۔اجلاس میں حکومت کی جانب سے تمام صورتحال پر مجرمانہ خاموشی اور اس سارے عمل کی غیراعلانیہ حمایت کی شدیدمذمت کرتے ہوئے ایک بار پھر مطالبہ کیا گیا کہ حکومت اشتہارات کی ادائیگیاں میڈیا کارکنوں کے واجبات کی ادائیگی سے مشروط کرے اور کمیٹی بناکر اس میں صحافتی تنظیموں کے نمائندے بھی شامل کئے جائیں۔ پی ایف یو جے کا دو روزہ اجلاس ہفتے کو یہاں اختتام پذیر ہوا، جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے پی ایف یو جے کی ایگزیکٹو کونسل کے ارکان نے شرکت کی، جبکہ مختلف صحافی، سماجی اور مزدور رہنما مبصر کی حیثیت سے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوسرے اور آخری روز سینئر صحافی اشرف خان اور ورکرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر کرامت علی نے خصوصی خطاب کیا جبکہ سینئر صحافی خورشید عباسی بھی اجلاس کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کے لیے پہنچے۔ اجلاس میں اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا کہ گزشتہ 5؍ ماہ کے دوران ملک بھر کے مختلف میڈیا ہاؤسز سے 5700؍ سے زائد صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفی کے بعد ان سے استعفے لیے گئےاور بڑے پیمانے پر تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی، درجنوں اداروں میں کئی کئی ماہ سے تنخواہیں اداہی نہیں کی گئیں اور یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہارکیا گیا کہ مختلف اخبارات اور نیوز ٹی وی چینلز کو بند کردیا گیا اور ان اداروں میں کام کرنے والے کارکنوں کو بغیر نوٹس فارغ کردیا گیا۔
تازہ ترین