• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بطور گواہ پیش نہ ہونےوالے6 پولیس اہلکاروں کے وارنٹ

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن کورٹ نے منشیات کےمقدمات میں بطور گواہ پیش نہ ہونےوالے6 پولیس اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پیش کرنے کا حکم دیاہے ۔ فاضل عدالت نے تھانہ شاہ شمس میں درج مقدمہ میں پیش نہ ہونے پراسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد خالد ، ہیڈ کانسٹیبل محمد عمران ،کانسٹیبل حشمت کو گرفتار کرکے 15 مئی ، اسی طرح تھانہ گلگشت میں درج مقدمہ میں پیش نہ ہونے پر اسسٹنٹ سب انسپکٹر سہیل محمد علی ، کانسٹیبلوں شاہد حسین اور فہیم اسلم کو گرفتار کرکے 2 مئی کو پیش کرنے کا حکم دیاہے ۔ سیشن کورٹ کے جج محمد نواز بھٹی نے بھاری مقدار میں برآمد ہونے والی منشیات کے مقدمہ میں ملوث ملزم ولایت خان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔سیشن ماڈل کورٹ نے منشیات کے مقدمہ میں ملوث ملزم ندیم ظہور کو ایک سال پروبیشن پر رہنے کی سزا کا حکم دیا ہے۔سیشن کورٹ نےمنشیات کے مقدمہ میں ملوث ملزم محمد اختر کو 3 ماہ قید کی سزا سنائی ہے ۔سیشن کورٹ نےاسماعیل کی جائیداد ہتھیانے والے افراد کو ہراساں و پریشان کرنے سے نہ روکنےبارے درخواست پر ایس ایچ او تھانہ مظفر آباد کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیاہے ۔مجسٹریٹ کورٹ نے شراب برآمدگی کے مقدمہ میں ملوث ملزم بلال کو جرم ثابت ہونے پر 2 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا کاحکم دیاہے ۔سیشن کورٹ نے بازیاب ہونیوالی محبوس بچی سویر ا کو والدہ خالدہ بی بی کے ساتھ بھجوانے کا حکم دیاہے ۔سیشن کورٹ نےمنشیات کے مقدمہ میں ملوث ملزم محمد حنیف عرف بھولا کی ضمانت بعد از گرفتاری خارج کرنے کاحکم دیاہے ۔مجسٹریٹ کورٹ نے بجلی چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزم محمد راشدکو اقبالی بیان ریکارڈ کروانے پر ایک سال کیلئے پروبیشن پر بھجوانے کی سزا کا حکم دیا ہے۔ مجسٹریٹ کورٹ نے خاتون مہک کی درخواست پر اسے دارالامان بھجوانے کا حکم دیا ہے۔سیشن کورٹ نے پسند کی شادی کرنے والی خاتون شگفتہ بی بی کو ہراساں کرنے بارے درخواست پر ایس ایچ او تھانہ دہلی گیٹ سے 23 اپریل کو جواب طلب کرلیا۔
تازہ ترین