• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی پی ڈاکٹر محمد نعیم کا ضلع اورکزئی کا دورہ

پشاور (نیوز ڈیسک) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم خان نے صوبے میں نئے ضم شدہ ضلع اورکزئی کا ایک روزہ دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے مصروف دن گزارہ ، وزیر اعظم عمران خان کی ضلع اورکزئی کلایہ ہیڈکوارٹر میں منعقدہ جلسے کے موقع پر آئی جی پی خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم خان بھی اورکزئی پہنچے جہاں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوہاٹ ریجن طیب حفیظ چیمہ کمشنر کوہاٹ عبدالجبار خان اور ڈی پی او اورکزئی صلاح الدین کنڈی نے انکا شاندار استقبال کیا۔ ضلع اورکزئی کے پہلے تاریخی دورے کے موقع پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر اور آئی جی فرنٹئیر کور راحت نسیم بھی موجود تھے۔ دورے کے موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر نعیم خان پولیس میں ضم شدہ لیوی اور خاصہ دار فورس کے اہلکاروں کیساتھ گھل مل گئے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادری سے لڑنے والے اہلکاروں کو گلے لگا کر انکا حوصلہ بڑھایا۔ آئی جی پی نے ضلع اورکزئی پولیس کے جوانوں کو درپیش مسائل ومشکلات معلوم کیں جنکے ازالے کیلئے موقع پر احکامات بھی جاری کئے۔اس موقع پر آئی جی پی کا کہنا تھا کہ پولیس فورس قبائلی روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ خدمات عین وابستہ عوامی توقعات کے مطابق ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تجربے سے پولیس فورس کے جوان سخت جان اور امن کے ضامن بن چکے ہیں۔
تازہ ترین