• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیراعظم صاحب آپ کی کشتی میں سوراخ ہوچکا،معیشت درست کرنے کیلئے حکومت کو ہمارے وزیر خزانہ کی ضرورت پڑی۔

نیوز کانفرنس سے خطاب میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے 6 وزیر پیپلز پارٹی کے بھی وزیر رہ چکے ہیں، وزیراعظم بھی ہمارا لائیں تب کہیں جاکر مسائل حل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کشتی میں سوراخ ہوچکا، پی ٹی آئی کی پوری حکومت کا حلیہ تبدیل ہوجائے گا،نام ان کا ہی رہے گا باقی سب بدل جائے گا۔

پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان باعزت واپسی کا راستہ تلاش کررہے ہیں، لیکن ہم آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت نے ہمارا وزیر خزانہ اٹھایا ہے، اب انہیں ہماری معاشی پالیسیوں پر تنقید کا حق نہیں، آپ کو ہمارے وزیر خزانہ کی ضرورت پڑی اچھا ہے، لیکن اب قوم سے اور پیپلز پارٹی سے معافی مانگیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعظم صاحب، آپ کے دعووں کی تردید آپ کے وزرا کر رہےہیں، اس کا مطلب آپ کی حکومت میں ہم آہنگی نہیں، مرکز میں آپ کے خلاف بغاوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مزید تبدیلیاں ہوں گی، آپ دیکھ لیجیے گا،انہوں نے بہتری نہیں کرنی، پھر تصادم کی راہ پر جانا ہے،کابینہ میں ایک متنازع وزیر لیا گیا ہے جس پر ہمیں تحفظات ہیں، وہ صاحب آتے ہی ہمیں چھترول کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

پی پی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی آج مزيد طاقتور ہوئی ہے ، عمران خان کے پاس ثبوت ہوتے تو کب کی اپنی خواہش پوری کرلیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مایوس اور اپنی ٹیم سے دلبرداشتہ ہوچکے،پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی ان کا نیا ڈرامہ ہے،پرائيویٹ لوگوں سے گھر بنوانے ہیں تو یہ کام پہلے بھی چل رہا ہے۔

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان آپ دنیا میں بھیک مانگتے پھر رہے ہیں، آپ کیا یہ اسکیم دیں گے،آپ کو ہمارے فیصلوں پر اعتماد ہے، آپ کو اپنے فیصلے کرنا آتے ہی نہیں۔

تازہ ترین