• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا میں دہشتگردی، عالمی رہنمائوں کی مذمت

عالمی رہنماؤں اور دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں دہشت گرد حملوں کی پُر زور مذمت اور اظہار افسوس کا سلسلہ جاری ہے۔

پوپ فرانسس نے ایسٹر کے موقع پر حملوں کو سفاکانہ پُرتشدد کارروائی قرار دیا، مصر کی جامعہ الازہر کے مفتی اعظم شیخ احمد الطیب کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا عمل تمام مذاہب کی تعلیمات کے خلاف ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ، برطانوی وزیراعظم ٹریسا مے اور روسی صدر پیوٹن نے تعزیتی بیانات میں سری لنکاسے مکمل یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔

فرانس، جرمنی، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، ہالینڈ، یورپی یونین، بھارت اور ایران کی جانب سے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

پوپ فرانسس نے ویٹیکن سٹی میں ایسٹر کے موقع پر سری لنکا کے گرجا گھروں میں دھماکے کی افسوسناک خبر سنی،پوپ نے ایسٹر کے موقع پر حملے کو سفاکانہ پُرتشدد کارروائی قرار دیا۔

پوپ فرانسس نے عیسائی برادری اور متاثرین کے ساتھ اپنی شفقت بھری اپنائیت کا اظہار کیا۔ اور انھوں نے مرنےاور زخمی ہونے والوں کے لیے دعائیں کیں۔

امریکی صدر ٹرمپ نے سری لنکا دھماکوں پر اظہارافسوس کیا۔انھوں نے اس موقع پر امریکا کی طرف سے سری لنکا کی حکومت اور عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکا، غم کی اس گھڑی میں سری لنکا کی مدد کے لیے ساتھ کھڑے ہیں۔

ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کی طرف سے بھی سری لنکا میں دھماکوں کی مذمت کی گئی اور اظہارافسوس کیا گیا۔تہران سے  جاری بیان میں ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایسٹر پر عبادت کرنے والوں پر دہشت گرد حملے انتہائی افسوسناک ہیں،انھوں نے کہا کہ ہم سری لنکا کی دوست حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، ہماری دعائیں متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔دہشت گردی عالمی خطرہ ہے جس کا کوئی مذہب نہیں،عالمی سطح پر دہشتگردی کی مذمت اور مخالفت ہونی چاہیے۔

مصر کے جامعہ الازہر کے مفتی اعظم شیخ احمد الطیب نے اپنے بیان میں کہا کہ یقین نہیں آتا کوئی انسان اس طرح تہوار مناتے پُرامن لوگوں کو نشانہ بناسکتا ہے، ان دہشت گردوں کا عمل تمام مذاہب کی تعلیمات کے خلاف ہے،انھوں نے متاثرین اور ان کے لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔

تازہ ترین