کراچی (اسٹاف رپورٹر ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کی ٹیم ملک کے معاملات کو سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ،وہ کراچی پریس کلب میں ’’ میٹ دی پریس ‘‘ کے پروگرام سے مہمان خصوصی کے طور پر خااب کر رہے تھے۔ ا اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث کے صوبائی امیر مفتی یوسف قصوری ، محمد اشرف قریشی ، مولانا ابراہیم طارق ، سید عامر نجیب ، مولانا افضل سردار ، مولانا یوسف کاظم اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ کابینہ کی تبدیلی صدارتی نظام کی طرف پیش خیمہ ہے ، نام نہیں لیا جا رہا مگر کہا جا رہا ہے کہ ٹیکنو کریٹ نظام کے لوگوں کو لایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے ہوئے پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ کشمیریوں کی چوتھی نسل قربانی دے رہی ہے جس میں ان کی جانیں ، مال ، دولت سب قربان ہو چکا ہے ، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی پاکستان سے محبت کا یہ عالم ہے کہ ان کا جنازہ پاکستانی پرچم میں ہوتا ہے لیکن افسوس اس بات ہے کہ موجودہ اور اس سے پہلے کی حکومتوں نے کشمیر کے ایشو پر اپنی سفارتی پالیسی خاطر خواہ نہیں بنائی ۔