• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عابد علی سچن ٹنڈولکر سے ملنے اور ٹپس لینے کے خواہاں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم میں منتخب ہونے والے اوپنر عابد علی انگلینڈ میں اپنے ہیرو سچن ٹنڈولکر سے ملنا چاہتے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باوجود عظیم بھارتی سپر اسٹار سے بیٹنگ کے ٹپس لینا چاہتے ہیں۔ عابد کہتے ہیں کہ سچن انضمام اور محمد یوسف کی طرح عظیم بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف دبئی ون ڈے ڈیبیو پر سنچری بنانے والے عابد علی کا قد سچن جتنا ہے اور وہ اسی انداز میں بیٹنگ کرتے ہیں۔ ٹیسٹ میچوں میں15921 اور ون ڈے میچوں میں 18426 رنز بنانے والے سچن ٹنڈولکر ٹیسٹ میں51 اور ون ڈے میچوں میں49 ریکارڈ سنچریاں بنا چکے ہیں۔ عابد علی نے اتوار کو لاہور میڈیا کو بتایا کہ وہ لمحہ میرے لئے یادگار ہوگا جب میں سچن سے ملوں گا۔ ویسٹ انڈین ویوین رچرڈز سمیت تمام عظیم کھلاڑیوں سے ملنا اور مشورے لینا چاہتا ہوں۔ عابد علی کا کہنا تھا کہ سچن ٹنڈولکران کی بیٹنگ تکنیک کو فالو کرنے کی کوشش کرتا ہوں، ایسا ممکن ہی نہیں ہے کہ میں ٹنڈولکر سے بات چیت کرنے کی کوشش کرو اور وہ انکار کردیں، بڑا کھلاڑی نوجوانوں کو سکھانے کی کوشش کرتا ہے۔ عابد علی نے کہا کہ سلیکٹر اور ٹیم انتظامیہ نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا، اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، زندگی میں کبھی ہار نہیں مانی، ورلڈ کپ کے دوران ایسی پرفارمنس دینے کی کوشش کروں گا کہ جس کا فائدہ ٹیم کو ہو۔

تازہ ترین