• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان روس سے 13 کھرب روپے کے طیارے اور میزائل سسٹم خریدے گا

ماسکو(نیوز ایجنسیز / جنگ نیوز ) پاکستان روس سے 9؍ ارب ڈالرز (تقریباً 13؍ کھرب پاکستانی روپے ) کے جنگی طیارے اور میزائل سسٹم خریدے گا ۔ معاہدے کے تحت جنگی طیارے، ہیلی کاپٹرز، ائیرڈیفنس میزائل سسٹم، ٹینک اور جنگی بحری جہاز شامل ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق روسی خبر رساں ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ پاکستان روس سے اربوں ڈالرز کا دفاعی معاہدہ کرنے کا خواہاں ہے۔ روس بھی پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ روسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ پاکستان روس سے 9؍ ارب ڈالرز تک کا دفاعی معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔پاکستان روس سے 9؍ ارب ڈالرز کے عوض جنگی طیارے، ہیلی کاپٹرز، ائیرڈیفنس میزائل سسٹم، ٹینک اور جنگی بحری جہاز خریدنے کا خواہاں ہے۔ جبکہ روس بھی پاکستان کے ساتھ اس دفاعی معاہدے کی تکمیل کا خواہاں ہے۔ تاہم اس حوالے سے پاکستان کے عسکری اور حکومتی حکام کی جانب سے کسی قسم کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔دفاعی ماہرین کے مطابق اگر واقعی پاکستان اور روس مذکورہ دفاعی معاہدے کو حتمی شکل دینے میں کامیاب ہوگئے، تو یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور اہم ترین دفاعی معاہدہ ہوگا۔ تاہم پاکستان کو اس معاہدے کی تکمیل کے سلسلے میں امریکا کی شدید مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

تازہ ترین