• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے پی پی سے 6وزیر لیے، وزیراعظم بھی ہمارا لے لیں، چانڈیو

حیدرآباد (بیورو رپورٹ، خبرایجنسی)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پیپلز پارٹی کے 6وزراء لیے ہیں، وزیر اعظم بھی ہمارا لے لیں،وزیراعظم کی کشتی میں سوراخ ہوچکا ہے، آہستہ آہستہ پوری حکومت کا حلیہ ہی تبدیل ہوجائے گا، مسائل کے حل کے لیے صرف وزیرخزانہ نہیں وزیراعظم بھی پیپلز پارٹی کا لانا ہوگا۔حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعظم مایوس اوراپنی ٹیم سے دلبرداشتہ ہو گئے ہیں اور واپسی کا راستہ تلاش کررہے ہیں، پی ٹی آئی کا پورا حلیہ تبدیل ہوجائے گا،مزید تبدیلی آئے گی، اب فردوس عاشق اعوان آئی ہیں وہ بھی پیپلزپارٹی کی وزیررہ چکی ہیں، یقین ہے موجودہ وزیر اطلاعات سابق وزیراطلاعات والی زبان استعمال نہیں کریں گی۔رہنما پیپلز پارٹی نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ʼآپ نے کہا کہ جو کام نہیں کرے گا وہ گھر جائے گا، مطلب جو گھر بھیجے گئے وہ کام نہیں کرتے تھے، لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے والے وزیراطلاعات بھی گھر چلے گئے، وزرا مستعفی ہوئے ہیں تو وزیراعظم کو بھی استعفیٰ دینا چاہیے۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ کسی بھی صورت اور شکل میں صدارتی نظام برداشت نہیں کیا جائے گا، وزیراعظم بننا شاہ محمود قریشی کی خواہش ہے، کوشش کرنا جرم نہیں، حکومت خود اپنے خلاف تحریک کا آغاز کرچکی ہے، میں جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کی لڑائی کو معمولی نہیں سمجھتا۔ انہوں نے کہا کہ قومی حکومت کے قیام کیلئے وزیراعظم کا تبدیل ہونا ضروری ہے، اگرقومی حکومت بن رہی ہے تو الوداع عمران خان۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ آپ آئی ایم ایف کی فرمائش پر ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، حکومت سے متعلق ہماری ساری باتیں درست ہورہی ہیں ، بغیرثبوت کے الزامات لگائے جارہے ہیں، یہ لوگ کہتے ہیں این آراو نہیں دیں گے، آپ سے این آر او مانگا کس نے ہے؟ انہوں نے کہاکہ نوڈیرو میں نیب کے چھاپے سے کوئی فرق نہیں پڑتا جہاں اتنے بڑے رہنمائوں اورلیڈروں کو گرفتار کیا گیا ہے وہاں یہ چھوٹی موٹی کارروائیوں کی کوئی حیثیت نہیں ۔

تازہ ترین