• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر مملکت ریونیو اور ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے مابین مذاکرات کامیاب

اسلام آباد ( تنویر ہاشمی )اسلام آبا د ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن نے ایف بی آرپر خوف وہراس کا الزام عائدکرتے ہوئے 23اپریل کو ہڑتال کی کال دی تھی لیکن اتوار کو وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر اور ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے مابین کامیاب مذاکرات پر ایسوسی ایشن نے ہڑتال واپس لے لی ، ایف بی آر حکام کا ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن اور ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں کیساتھ آج ایف بی آر میں اجلاس ہوگا اور انہیں ایک مرتبہ پھر حقائق سے آگاہ کیا جائیگا، حماد اظہر نے کہا کہ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کی جائز شکایات کا جائزہ لیاجائیگا، ایسوسی ایشن کیساتھ ملکر ٹیکس نیٹ کو وسعت دینگے ، ٹیکس دینے والوں کو ہر گز تنگ نہیں کرینگے ، حماد اظہر نے ریسٹورنٹ مالکان کے تحفظات دور کرنے کی بھی یقین دہانی کرادی ،دوسری طرف ایف بی آر کے مطابق اسلام آباد میں قائم زیادہ تر ریسٹورنٹس ٹیکس چوری میں ملوث پائے گئے ، ایف بی آر نے 250سے زائد ریسٹو رنٹس میں ٹرانزیکشنز اور بلز کی مانیٹرنگ کا خود کارنظام نصب کیا تھا لیکن زیادہ تر ریسٹورنٹ نہ صرف اس خود کار نظام کو بند رکھتے ہیں بلکہ کئی کئی روز تک اپنی سیلز کو ظاہر نہیں کرتے ، ایف بی آر کے معتبر ذرائع کے مطابق ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم ریسٹورنٹ انتظامیہ کئی کئی روز بند رکھتی ہے جس سے انکی اصل سیل ظاہر نہیں ہوتی اس حوالے سے اسلام آباد ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن اور ایف پی سی سی آئی کو باقاعدہ طور پر کئی مرتبہ آگاہ کیا گیامگر گزشتہ دو ماہ سے کوئی بہتری نہیں آئی ، آر آئی ایم ایس نظام کی خلاف ورزی پر بار بار وارننگ بھی دی گئی لیکن ریسٹورنٹس جن کی روزانہ کی سیل لاکھوں روپے ہے ، اپنی کم ترین آمدن ظاہر کرتے ہیں اور اس طرح لاکھوں روپےسیلز ٹیکس کی چوری کرتے ہیں ، ذرائع کے مطابق بعض ریسٹورنٹس نصف رات کو آر آئی ایم ایس نظام پر اپنی چندسیلز انوائسز اپ لوڈ کردیتےہیں جس پر ایف بی آر نے جب ان ریسٹورنٹس سے کہا کہ اپنی سیلز انوائس سسٹم کے ذ ریعے سے جاری کریں تو انہوں نے ہڑتال کی کال دیدی ایف بی آر حکام کے مطابق ایک معروف ریسٹورنٹ کی ایک روز کی انوائس کے مطابق ایک روز کی سیل 10لاکھ روپے سے زیادہ ہے جبکہ یہ پورے مہینے کی سیل 50لاکھ روپے ظاہر کرتے ہیں اس طرح ایک ریسٹورنٹ ہزاروں روپے سیلز ٹیکس کی چوری کرتا ہے ۔
تازہ ترین