• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانیز کا وطن عزیز میں 38؍ ارب کی سرمایہ کاری کا اعلان

اسلام ا ٓباد(نمائندہ جنگ) برطانیہ میں مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں 20؍ کروڑ پائونڈ (تقریباً 38؍ ارب روپے ) کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اعلان یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر امجد خان نے ایک وفد کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفد نے 20؍ کروڑ پائونڈ کی سرمایہ کاری کرنے کیلئے معاہدے پر دستخط کر لئے ہیں۔ وفد کا تعلق رئیل اسٹیٹ، سیاحت، تعلیم، حلال گوشت، پولٹری، میڈیکل ٹیکنالوجی، دفاعی پرزہ جات و سامان، آٹو موبائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، امپورٹ و ایکسپورٹ، کاسمیٹکس اور دیگر شعبوں سے تھا۔ وفد کے ارکان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نوجوان نسل پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے کیونکہ وہ پاکستان سے بہت محبت کرتے ہیں اور وہ برطانیہ میں حاصل کیا گیا تجربہ اور سرمایہ نوجوانوں کو منتقل کر کے ان کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرانا چاہتے ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی صلاحیت موجود ہے لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں چیمبرز دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں۔
تازہ ترین