• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا بھی کابینہ میں ردوبدل کا اعلان

پشاور( گلزار محمد خان) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبائی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیکر دو ہفتوں کے اندر کابینہ میں ردوبدل کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے انہیں ٹاسک دیا ہے اب جو وزیر کام نہیں کرےگا وہ فارغ ہوگا ، گورنر شاہ فرمان کیساتھ کوئی اختلافات ہیں نہ ہی کوئی وزیر ناراض ہے، سو فیصد بااختیار ہوں، بی آر ٹی اور بلین ٹری سونامی منصوبوں کی ہر قسم انکوائری کیلئے تیار ہیں کسی کو اعتراض ہے تو ثبوت پیش کریں، پشاور کی تعمیر و ترقی کیلئے ماسٹر پلان بنانیکا فیصلہ کیا ہے، کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کررہے ہیں، احتساب کمیشن کی کارکردگی اچھی نہیں تھی اسلئے اس کو ختم کرکے انٹی کرپشن کو مضبوط بنایا، نیب کو بتادیا ہے کہ میرا مالم جبہ لیز سکینڈل سے کوئی تعلق نہیں، قبائلی اضلاع کو قومی دھارے میں لانے کیلئے ہنگامی اقدامات جاری ہیں، پنجاب اور وفاق قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے این ایف سی میں 3فیصد دینے پر راضی ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان نے بھی انکار نہیں کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’جنگ‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہاکہ وہ پہلے ہی صوبائی محکموں اور وزرا کی کارکردگی مانیٹر کررہے تھے تاہم اب وزیر اعظم عمران خان نے انہیں باقاعدہ ٹاسک سونپ دیا ہے کہ جو وزیر کام نہیں کررہا ان کو ہٹایا جائے ،کوئی ایشو نہیں ہے ،قبائلی زعمااور نمائندوں کو اعتماد میں لے کر معاملات سلجھائے جارہے ہیں ، ضم شدہ قبائلی اضلاع میں انتخابات کی تیاری بھی ہے ،لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی منظوری دی جا چکی ہے، گزشتہ حکومت کے اصلاحات کو آگے لے کر جانا ہے چونکہ ہماری حکومت دوبارہ آئی ہے تو اس کے شروع کردہ منصوبوں کو تکمیل تک پہنچانا ہے۔
تازہ ترین