پشاور ( وقائع نگار)سائنس جرنلزم سوسائٹی آف پاکستان (ایس جے ایس پی ) نے ـ’’ پختونخوا فارما ایکسپو 2019‘‘کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز ایس جے ایس پی کی انتظامیہ کے ایک اجلاس میں کیا گیا ،جس کی صدارت ایس جے ایس پی کے صدر آصف خان تر ک نے کی جبکہ کابینہ کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عید الفطر کے بعد پشاور میں ـ’’ پختونخوا فارما ایکسپو 2019‘‘ کے نام سے ایک شاندار اور زبردست فارما ایکسپو کا اہتمام کیا جائے گا جس میں دنیا بھر کے ادویہ ساز کارخانوں اور ادویہ سازی سے متعلق تعلیمی و تحقیقی اداروں کو سٹالز لگانے کی دعوت دی جائے گی تاکہ وہ اپنی مصنوعات، خدمات، کامیابیوں ، کارکردگی،تحقیق منصوبوں اور سائنسی پیش رفت سے عوام کو آگاہ کرسکیں جبکہ اس موقع پر ادویات کے صحیح استعمال سے عوام کو آگاہ کرنے کیلئے ایک سیمینار کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں ماہرین شرکاء کو آسان اور عام فہم الفاظ میں لیکچرز دیں گے۔تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر صحت ہوں گے جبکہ اہم حکومتی نمائندوں اور انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے علاوہ فیکلٹی ، ریسرچ سکالرز ، طلبہ اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شرکت کریں گے۔