• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کی ناروا بندش نے جینا دوبھر کیا ہوا ہے‘ پشاور قومی جرگہ

پشاور (وقائع نگار) پشاور قومی جرگہ نے پیسکو حکام کی جانب سے ناروا لوڈشیڈنگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر پیسکو حکام نے اپنا قبلہ درست نہ کیا اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند نہ کیا تو نہ صرف بھرپور احتجاج کیا جائے گا بلکہ واپڈا ہائوس کو تالہ لگانے سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔ کیونکہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ تاجروں اور عمائدین پشاور کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے پشاور قومی ترجمان کے رہنمائوں خالد ایوب‘ ارباب خضر حیات‘ مولانا امان اللہ حقانی‘ عالمگیر خلیل‘ کاشف اعظم‘ حاجی محمد افضل‘ حاجی نواز نے کہا کہ بی آر ٹی کی وجہ سے پشاور اور بالخصوص یونیورسٹی روڈ کے اردگرد علاقوں میں بجلی کی ناروا بندش نے تاجروں اور عوام کا جینا دوبھر کیا ہوا ہے۔ عوام ٹیکسوں کی بھرمار کے باوجود ناروا لوڈشیڈنگ سے سخت پریشان ہیں۔ ایک طرف آٹھ اور دس گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے اور دوسری طرف ہر تیسرے روز بی آر ٹی یا مرمتی کام کی وجہ سے صبح نو بجے سے دوپہر ایک یا دو بجے تک بجلی کی بندش ہوتی ہے اور ریلیف تک نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بوسیدہ کیبلز کی تبدیلی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو تکلیف سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیسکو حکام نے ہمارے مطالبات پر عمل نہ کیا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری موجودہ کٹھ پتلی حکومت اور پیسکو حکام پر عائد ہوگی۔
تازہ ترین