• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’شاہد آفریدی فاونڈیشن کے فلاحی کام لائق تحسین ہیں‘‘

یونیورسٹی گرانٹ کمیشن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سابق سیکریٹری اسپورٹس اور چھ کتابوں کے مصنف امان اللہ خان نے کہا ہے کہ خواتین کی تعلیم ،غریب اور نادار افراد کے لیے اسپتال سمیت شاہد آفریدی کی تنظیم شاہد آفریدی فاونڈیشن جتنے بھی فلاحی کام کررہی ہے وہ لائق تحسین ہیں اور پوری دنیا میں مقیم پاکستانیوں کو ان نیک کاموں میں شاہد آفریدی کا ہاتھ بٹانا چاہیے۔

امان اللہ خان جو اسلامک یونیورسٹی کے اسپورٹس ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں انہوںنے شاہد آفریدی کے ساتھ فنڈ ریزنگ مقاصد کے لیے ساتھ دینے پر عالمی شہرت یافتہ اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے وہ ہیروز ہیں جنھوں نے پہلے اپنے کھیل کے زریعے پاکستان کی خدمت کی اور اب سماجی کاموں کے زریعے پاکستانی قوم کی فلاح بہبود کے لیے کام کررہے ہیں ۔

یہ ان سیاستدانوں سے بہت اچھے ہیں جو صرف الیکشن کے دنوں میں عوام کو نظر آتے ہیں اور اقتدار میں آکر ذاتی مفادات کے حصول کے لیے کوشاں ہوجاتے ہیں ،امان اللہ خان جو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن میں بھی اسپورٹس انچارج رہ چکے ہیں جبکہ جہانگیر خان کے ساتھ بطور مینجر کویت سمیت کئی ممالک کا سفر بھی کرچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جہانگیر خان جتنے بڑے کھلاڑی ہیں اتنے ہی بڑے انسان بھی ہیں زندگی میں کبھی غرور اور تکبر ان کی زات کو چھو کر بھی نہیں گزرا یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی ان سے بڑے کام لے رہا ہے ،جہانگیر خان جو ان دنوں شاہد آفریدی فاونڈیشن کے زیر اہتمام اور شاہد آفریدی اور ان کی ٹیم کے ہمراہ امریکہ کے فنڈ ریزنگ دورے پر ہیں انہوں نے امان اللہ خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امان اللہ خان کی پاکستان میں اسپورٹس کے لیے خدمات قابل تعریف ہیں انھوں نے بڑے عہدوں پر کام کیا لیکن ہمیشہ ایمانداری اور حلال آمدنی پر اکتفا کیا ،بچوں کو اعلی تعلیم دلوائی یہی وجہ ہے کہ ان کے بچے بھی اہم عہدوں پر فائز ہیں اور خود ان کی بھی آج تک عزت و تکریم کم نہیں ہوئی ہے باوجود ان کے ساتھ مختلف ادوار میں ہونے والی زیادتیوں کے انھوں کے معاف کرکے آگے بڑھنا سیکھا اور سکھایا ہے ۔

جہانگیر خان نے کہا کہ بطور کھلاڑی امان اللہ خان کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات یاد گار ہیں ،اس موقع پر پاک جاپان بزنس کونسل امریکہ چیپٹر کے ڈائریکٹر عامر شہزاد نے کہا کہ وہ پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کی ہدایات کے مطابق شاہد آفریدی فاونڈیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے اور کوشش کریں گے کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے ۔

اس موقع پر پی جےبی سی خواتین ونگ کی ڈائریکٹر زیب النسائ نے بھی شاہد آفریدی اور جہانگیر خان کے فلاحٰ کاموں کی تعریف کی اور امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سے درخواست کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ شاہد آفریدی کے نیک کاموں میں ان کی مدد کریں اور زیادہ سے زیادہ فنڈز فراہم کریں۔

اس موقع پر پی جے بی سی کے صدر رانا عابد حسین نے شاہد آفریدی فاونڈیشن کے گلوبل سی ای او ذیشان افضل کو یقین دلایا کہ وہ مستقبل میں بھی ماضی کی طرح شاہد آفریدی فاونڈیشن کے اسپتال کے لیے عطیات اور طبی آلات کی فراہمی کو یقین بناتے رہیں گے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پی جے بی سی نے کوہاٹ میں شاہد آفریدی کے اسپتال کے لیے جاپان سے ایک لاکھ ڈالر کی طبی مشینیں عطیہ کی تھیں ۔

تازہ ترین