• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اصغر خان کیس بند کرنے کی ایف آئی اے کی استدعا مسترد

سپریم کورٹ آف پاکستان نے اصغر خان کیس بند کرنے کی ایف آئی اے کی استدعا مسترد کر دی۔

سپریم کورٹ میں اصغر خان عملدرآمد کیس کی 3 رکنی بنچ نے سماعت کی، جس کے دوران ایف آئی اے نے ایک بار پھریہ کیس بند کرنے کی استدعا کی۔

دورانِ سماعت ایف آئی اے نے اصغر خان کیس سے متعلق جواب سپریم کورٹ میں جمع کرایا جس میں استدعا کی ہے کہ ناکافی ثبوت کی بنیاد پر کیس کسی بھی عدالت میں کیسے چلایا جائے؟

ایف آئی اے نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا ہے کہ بے نامی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات سمیت دیگر اہم گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں۔

ایف آئی نے جواب میں مزید کہا ہے کہ کیس میں مرکزی گواہ حامد سعید اور ایڈووکیٹ یوسف میمن سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔

ایف آئی اے کا جواب میں یہ بھی کہنا ہے کہ کیس کے آگے بڑھانے اور مزید ٹرائل کے لیے خاطر خواہ ثبوت نہیں مل سکے، مناسب ثبوت نہ ملنے کے باعث کیس کو کسی بھی عدالت میں چلانا ممکن نہیں۔

سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کی اصغر خان کیس کو بند کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ایف آئی اے کو تفصیلی جواب دوبارہ جمع کرانے کی ہدایت کی۔

عدالت عظمیٰ نے یہ بھی کہا کہ ایف آئی اے 4 ہفتوں کے دوران یہ جواب جمع کرائے۔

تازہ ترین