• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’مکمل تیاری ہے، ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی پیش کریں گے‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ مکمل تیاری کے ساتھ جارہے، ورلڈ کپ میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کریں گے۔

لاہور میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، اس دوران مکی آرتھر نے کہا کہ ورلڈ کپ کی تمام ٹیمیں ہی زبردست ہیں،ہمیں اچھا کھیلنا ہوگیا اور اسی لیے یہ ایونٹ بھی خاص بن گیا ہے۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھرنے کہا کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ پر بہت یقین ہے، ہماری ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے، بابر اعظم بہت با صلاحیت کھلاڑی ہے، اگر وہ سنچری بناتا ہے تو پاکستان کو فائدہ ہوتا ہےجبکہ شاداب شاندار فیلڈر ہے، ٹاپ 7میں بیٹنگ بھی کرتا ہےلیکن اگر شاداب فٹ نہیں ہوا تو ہم اسے مس کریں گے۔

شاہین شاہ آفریدی میں بہت ٹیلنٹ ہے، فہیم اشرف بھی بہت بہتر ہو رہا ہے۔ دوسری جانب عماد وسیم بھی بہتر ہو رہا ہے، وہ بہت محنت کر رہا ہےجبکہ ہم نےکسی کی بھی فٹنس پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ ایک ٹیم ایونٹ ہے جس میں تمام 15 کھلاڑیوں کو جیت کے لیے محنت کرنی ہو گی، مجھے اپنے تمام کھلاڑیوں پر بہت اعتماد ہے سب بہت باصلاحیت ہیں۔

دوسری جانب پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ مکمل تیاری کے ساتھ جارہے، اپنی بہترین کارکردگی پیش کریں گے۔

ورلڈ کپ میں فخرزمان اور امام الحق اوپنر ہوں گےجبکہ عابد علی تیسرے نمبر پر کھیلیں گے، میں اوپرکے نمبر پراور شعیب ملک چھٹے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔ شعیب ملک اور محمد حفیظ بھی اہم کھلاڑی ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ عمران خان کے بلانے کا بہت شکریہ، انہوں نے سب کو بہت متحرک کیا اور حوصلہ افزائی کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں تمام کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہوں گے۔ ہمیں بھارت کے خلاف ہی نہیں سب کے خلاف جیتنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد حسنین ناتجربہ کار ضرور ہے لیکن 150 کلو میٹر سے زائد اسپیڈ سے بالنگ کر رہا ہے جو کہ ٹیم کے لیے بہت اچھا ہو گا، حسن علی بہت فارم میں ہےاور شاہین آفریدی بھی بہت با صلاحیت ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ میں پر امید ہوں کہ شاداب خان ورلڈ کپ کا حصہ ہو گا۔

تازہ ترین