• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن والے مجھ سے بہت پیار کرتے ہیں، وزیرداخلہ

قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ کی جگہ سوالات کے جوابات وزیر مملکت علی محمد کی طرف سے دیئے جانے پر اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا ۔

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ اپوززیشن والے ان سے بہت پیار کرتے ہیں اور ساتھ ہی اپوزیشن کو پنجابی میں تنبیہ کر دی کہ ’’ میں تواڈی ساری کسر کڈ دیاں گا‘‘

قومی اسمبلی میں اس وقت اپوزیشن ارکان نے احتجاج شروع کر دیا جب وزارت داخلہ سے متعلق سوالات کے جوابات وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) اعجاز شاہ کی بجائے وزیر مملکت علی محمد نے دینا شروع کر دئیے۔

اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ وزیر داخلہ ایوان میں موجود ہیں وہ جواب دیں، اسپیکر نے رول پڑھ کر سنائے کہ کابینہ کا کوئی بھی وزیر جواب دے سکتا ہے۔

شاہد خاقان عباسی اور برجیس طاہر نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس پر رولنگ دے دیں جس پر اسپیکر نے کہا کہ وزیر داخلہ نے ابھی چارج لیا ہے، انہیں تھوڑا موقع دیں۔

اسی دوران اعجاز شاہ کھڑے ہوئے اور بولے کہ وہ اپوزیشن کے خیالات کی قدر کرتے ہیں کیونکہ یہ سب ان سے لَو کرتے ہیں ۔

اعجاز شاہ نے پنجابی میں کہا کہ ’’میں تواڈی ساری کسر کڈ دیاں گا‘‘، ․ اس پر اپوزیشن ارکان نے سخت احتجاج کیا اور ان کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ اپوزیشن رہنما اسپیکر سے ملاقات میں ایک بات کرتے ہیں، یہاں دوسری بات ، یہ ڈرامہ اب نہیں چلے گا ،وہاں طے کیا تھا کراس ٹاک نہیں کریں گے۔اس پر رانا تنویر نے کہا کہ یہاں اگر دھمکی دیں گے تواپوزیشن جواب دے گی ۔

تازہ ترین