• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

7سالہ طالبعلم کی حاملہ ٹیچر کو پیٹ میں چاقو گھونپنے کی دھمکی

لندن (جنگ نیوز)ایک سات سالہ طالبعلم کی جانب سے خواندگی کے سبق کے دوران حاملہ ٹیچر کو پیٹ میں چاقو گھونپنے کی دھمکی کا انکشاف ہوا ہے۔ برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق یہ انکشاف ایک یونین کی جانب سے طلبا میں تشدد میں اضافے کی وارننگ کے موقع پر ہوا ہے اس کا کہنا ہے کہ بچے کسی قسم کی سزا کو نہیں گردانتے اور ان کی بدنظمی اور تشدد بڑھتا ہوا مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔ نیشنل ایسوسی ایشن آف سکول ماسٹرز یونین آف ویمن ٹیچرز کی سالانہ کانفرنس میں مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے ایک رکن جون ڈیولن نے جن کا تعلق شمالی آئرلینڈ سے ہے اساتذہ کو ملنے والی دھمکیوں سے آگاہ کیا۔ ایک حاملہ ٹیچر کو 7سالہ طالبعلم نے جو خواندگی کے سبق میں شامل ہیں ہونا چاہتا تھا دھمکی دی کہ وہ اسکے حمل والے پیٹ میں چاقو گھونپ دے گا۔ ایک اور واقعہ میں ایک ٹیچر پر ایک طالبعلم نے حملہ کرکے زخمی کردیا اور اس کی گردن سے خون بہنے لگا جبکہ ایک اور ٹیچر کو دس سالہ لڑکے نے چہرے پر مکا رسید کردیا۔ ڈونکاسٹر کی ایک ٹیچر انویڈو گولڈا نے کہا کہ بچوں کے رویے پر ان کے خاندان کو ذمہ دار قرار دینے کی ضرورت ہے۔ ٹیچرز نے ایک تحریک منظور کی جس میں ہیڈٹیچرز کے ناقابل قبول رویے پر نکتہ چینی کی گئی جن کے مطابق تشدد ٹیچرز کے جاب کا حصہ ہے اور ٹیچرز طلبہ کے خراب سلوک کی ذمہ دار ہیں اس سال کے آغاز پر یونین کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق سکول کے ایسے عملے میں اضافہ ہورہا ہے جو تشدد اور مجرمانہ حملوں کے واقعات کے پیش نظر جارح بچوں کو پڑھانے سے انکاری ہیں۔
تازہ ترین