• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتساب عدالت ،شٹل سروس کیس ریفرنس دائر کرنے کیلئے نیب کو نوٹس جاری

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شٹل سروس کیس کا ریفرنس دائر کرنے کے لئے نیب کو نوٹس جاری کر دیئے، سی ڈی اے کے افسر غلام سرور سندھو کی ہائی کورٹ سے ضمانت منظور ہونے پر روبکار بھی جاری کر دی گئی جبکہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مشیر میاں خرم رسول کے خلاف سکریپ ریفرنس میں ملزم کی طرف سے تحریری جواب جمع کرائے جانے پر عدالت نے صفائی کے گواہوں کی فہرست طلب کر لی۔ پیر کو شٹل سروس کیس میں سابق ممبر سی ڈی اے برگیڈیئر ( ر ) نصرت اللہ ، سابق ڈائریکٹر جنرل پلاننگ غلام سرور سندھو ، ٹھیکیدار محمد حسین اور منیر جیلانی پر الزام ہے کہ 2005 میں امریکن ایمبیسی کے اطراف میں ایک شٹل سروس بنائی گئی تھی ، اس سروس کو سالانہ ٹینڈر کے ذریعے چلا نے کے لئے مذکورہ افسران نے من پسند کمپنی کو ٹھیکہ دیا جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا خسارہ ہوا، شٹل سروس کے متعلق کرپشن کا کیس نیب کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ارسال کیا تھا جس کی انکوائری پچھلے کئی سال سے جاری ہے ۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران ملزمان کے خلاف ریفرنس نہ آنے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نیب کو جلد ریفرنس فائل کرنے کی ہدایت کی ۔ سکریپ ریفرنس کیس کی سماعت کے دوران میاں خرم رسول کو جیل سے عدالت لایا گیا ملزم نے عدالت کی طرف سے فراہم کردہ سوالنامہ پر تحریری جواب جمع کرایا جبکہ نیب کی طرف سے ریفرنس میں ترمیم کی درخواست پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ، میاں خرم رسول کے وکیل ارشد تبریز کو ہدایت کی گئی کہ اگلی پیشی پر صفائی کے گواہوں کی فہرست عدالت میں جمع کرائی جائے اور مزید سماعت 24اپریل تک ملتوی کر دی گئی ۔
تازہ ترین