• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کو بیرون ملک لکھی ہوئی تقریر کرنی چاہئے،تجزیہ کار

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ ایران میں غیرریاستی عناصر کی موجودگی کا اعتراف کرنا شجر ممنوعہ نہیں ہے، ڈپلومیسی میں الفاظ کا چناؤ بہت اہم ہوتا ہے وزیراعظم کو اس کا خیال رکھنا چاہئے تھا، وزیراعظم عمران خان کو بیرون ملک اہم مواقع پر لکھی ہوئی تقریر کرنی چاہئے،پی ٹی آئی کی باہمی چپقلش میں جہانگیر ترین گروپ جیتے گا۔ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، سلیم صافی، بابر ستار، ریما عمر، حسن نثار اور حفیظ اللہ نیازی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پہلے سوال ایران میں ہونے والی دہشتگردی میں پاکستانی سرزمین پر موجود گروہ ملوث ہیں، کیا وزیراعظم کو ایران کے دورے میں یہ بات کرنی چاہئے تھی؟حسن نثار نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ ایران میں غیرریاستی عناصر کی موجودگی کا اعتراف کرنا شجر ممنوعہ نہیں ہے، عمران خان نے متوازن بات کی ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کیخلاف اپنی اپنی سرزمین کے استعمال کیخلاف ہیں۔مظہر عباس کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے پاس ٹھوس ثبوت ہوں گے تب ہی انہوں نے ایرانی صدر کے ساتھ بیٹھ کر یہ بات کی ہے، ڈپلومیسی میں الفاظ کا چناؤ بہت اہم ہوتا ہے وزیراعظم کو اس کا خیال رکھنا چاہئے تھا۔ ریما عمر نے کہا کہ عمران خان کی جگہ کوئی دوسرا وزیراعظم ایسی بات کرتا تو اس پر غداری کا الزام لگادیا جاتا۔بابر ستار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مثبت بات چیت ہوئی ہے کہ دونوں اطراف دہشتگردوں کیخلاف ایکشن کیا جائے گا۔سلیم صافی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو بیرو ن ملک اہم مواقع پر لکھی ہوئی تقریر کرنی چاہئے۔ دوسرے سوال اگر سب کچھ جہانگیر ترین نے کرنا ہے تو کیا ہم آلو چنے بیچنے آئے ہیں، گورنرچوہدری سرور، تحریک انصاف کے گروہوں میں موجود باہمی چپقلش میں کون سا گروپ حاوی رہے گا؟سلیم صافی نے کہا کہ پارٹی کی باہمی چپقلش میں جہانگیر ترین گروپ جیتے گا، چوہدری سرور آج جس مقام پر ہیں وہ بھی جہانگیر ترین کا مرہون منت ہے۔ حسن نثار نے کہا کہ پی ٹی آئی میں طاقتور ترین گروپ ہی غالب رہے گا۔ حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ جو جتنا پیسہ خرچ کرسکتا ہے وہ اتنا ہی عمران خان کے قریب ہے۔بابر ستار نے کہا کہ ہر پارٹی میں دھڑے بندی ہوتی ہے، حکومت کو چلنے دیں پھر لوگوں کو فیصلہ کرنے دیں۔ مظہر عباس کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں سب سے زیادہ طاقتور گروپ عثمان بزدار کا ہے۔

تازہ ترین