• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روات کے قریب اڑھائی کروڑ کی ڈکیتی، منی چینجر کی گاڑی لوٹ لی گئی

راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) تھانہ روات کے قریب جی ٹی روڈ پرڈکیتی کی واردات میں 6 مسلح ڈاکو منی چینجر کی گاڑی سے گن پوائنٹ پر اڑھائی کروڑ روپے چھین کرفرار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق پیرکی رات تھانہ روات کے علاقہ جی ٹی روڈپرمنی چینجر کی گاڑی جو رقم لے کر جارہی تھی جی ٹی روڈ پر واقع ایک ہوٹل پر رکی اسی دوران ان کاتعاقب کرنے والے مسلح ڈاکوؤں نے گاڑی کوگھیرلیا، گاڑی کے ہمراہ دو سیکورٹی گارڈ ز کومزاحمت کرنے پر رائفل کے بٹ مار کرزخمی کر دیااوران سے 2 کروڑ 58 لاکھ روپے چھین کرفرارہوگئے ۔ اطلاع ملنے پرایس پی صدر راولپنڈی، ڈی ایس پی صدر اورایس ایچ اوروات پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔پولیس رات گئے تحقیقات کررہی تھی۔ دریں اثناءراولپنڈی کے مختلف علاقوں میں چوری اورنقب زنی کی وارداتوں میں شہری دوگاڑیوں ،طلائی زیورات ،بھاری مالیت کی دھاتوں اورنقدی سے محروم ہوگئے ۔ اسلام آباد سے بیس تولےطلائی زیورات ، نقدی، اور بانڈز لوٹ لیے گئے۔ شہری دو موٹر سائیکل اور گاڑی سے بھی محروم ہو گئے۔تھانہ ریس کورس کومحمد مزمل نے بتایا کہ چور میرے گھر کے تالے توڑ کر طلائی زیورات،لیپ ٹاپ، اڑھائی لاکھ روپے ،پرائزبانڈمالیتی13ہزارروپے چوری کرکے لے گئے۔تھانہ ائرپورٹ کو محمد مقبول احمد نے بتایاکہ میری کباڑکی دکان سے دومن پیتل اور5من تانبہ چوری ہوگیا۔دریں اثناء تھانہ لوئی بھیر کے علاقے بحریہ ٹائون میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات میں تین ڈاکو ذوالفقار علی کے گھر سے بیس تولے سونے کے زیورات، تین لاکھ کی نقدی، انعامی بانڈز اورموبائل لے گئے۔ تھانہ گولڑہ پولیس نے ندیم عالم کی رپورٹ پر قاسم علی کےخلاف ٹیکسی آر ایل ای8482 خورد برد کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا۔ سہالہ پولیس نے محمد جمال کا بکرا چوری کرنے کے الزام میں عبداللہ اور بشیر کےخلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا ۔
تازہ ترین