• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ڈی اے اہلکاروں کی غفلت ، اہم سرکاری فائلیں گم ہونیکا انکشاف

اسلام آباد (نیو زرپورٹر) وفاقی ترقیاتی ادارہ ( سی ڈی اے ) کے شعبہ ایچ آر ڈی کے افسران و ملازمین کی مبینہ غفلت کے باعث کئی اہم سرکاری فائلوں کے گم ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ انتظامیہ کی کوششوں کے باوجود ایچ آر ڈی سے باہر ٹرانسفر نہ ہونے والے افسران و ملازمین کی انکوائری والی فائلیں بھی غائب ہونے والی فائلوں میں شامل ہیں ۔ فائلیں گم ہونے سے اہم سرکاری ریکارڈ ضائع ہونے کا اندیشہ ہے ، سی ڈی اے کے شعبہ ایچ آر ڈی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کے وہ افسران جن کے خلاف محکمانہ اور دیگر تحقیقاتی اداروں میں انکوائریاں جاری تھیں اور ایسے افسران جن کی غیر قانونی اپ گریڈیشن اور ری ڈیزگنیشن کی گئی تھی انکی فائلوں کو غائب کر دیا گیا ہے ۔ ان فائلوں کو گم کرنے میں شعبہ ایچ آر ڈی کے کچھ افسران و ملازمین کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ سی ڈی اے انتظامیہ کی بھرپور کاوشوں کے باوجود ایچ آر سے باہر ٹرانسفر نہیں کرواتے بلکہ ایسے افسران و ملازمین ایچ آر میں موجود ہیں جو خود کسی نہ کسی انکوائری کا سامنا کر رہے ہیں اور ریکارڈ غائب کرنے سمیت ریکارڈ تک اپنی رسائی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں ،انہی ذرائع کا مزید دعویٰ ہےکہ سرکاری ریکارڈ کو ای فائلنگ میں منتقل کرنے میں رکاوٹ بھی یہی مافیا تصور کیا جارہا ہے ۔ مذکورہ اہم سرکاری ریکارڈ غائب ہونے سے ان افسران و ملازمین کے خلاف تحقیقاتی اداروں کی جانب سے کی جانے والی انکوائریاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ یاد رہے کہ سابق ممبر ایڈمن یاسر پیر زادہ کے دور میں سی ڈی اے کی فائلوں کا تیسری بار ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا تاہم مذکورہ ممبر ایڈمن کے رخصت ہوتے ہی نہ صرف یہ سلسلہ روک دیا گیا بلکہ جو ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا گیا تھا اسکو بھی واپس مینوئل کر دیا گیا ہے ۔
تازہ ترین