• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کارکردگی اور کردار سے اپنا تاثر بہتر بنائے، آئی جی پنجاب

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے پاس اب کارکردگی میں بہتری لانے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ،سستی اور کاہلی کی گنجائش نہیں۔ عوام میں پولیس کے امیج کو ہر صورت میں بہتر کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پولیس لائنز راولپنڈی میں منعقدہ پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی احمد اسحق جہانگیر، سی پی او راولپنڈی عباس احسن ، اٹک ، جہلم، چکوال کے ڈی پی اوز نے بھی شرکت کی ۔آئی جی نے کہا کہ اوسطا ًہر سال 54 ہزار پولیس افسران او راہلکاروں کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر محکمانہ سزائیں بھگتنا پڑتی ہیں مگر اس کے باوجود اس کے نتائج حوصلہ افزا نہیں ہیں لہذا پولیس کو اپنی کارکردگی اور کردار کے ذریعے عوام میں اپنے تاثر کو بہتر کرنا ہو گا۔ انہو ں نے کہا کہ ماتحتوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے افسرا ن کی ہدایات پر عمل کریں۔ پولیس کی تنخواہوں اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور امیدہے کہ 2009میں فریز کیے جانے والے رسک الاؤنس کی بحالی کے حوالے سے وزیر اعلی پنجاب محکمہ پولیس کو عید سے پہلے خوش خبری دیں گے ۔ انہوں نے اس موقع پر پولیس افسران و اہلکاروں سے تجاویز اور شکایات بھی سنیں اور موقع پر ضروری احکامات جاری کیے ۔
تازہ ترین