• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثمینہ نعیم

رو ز روز دیسی کھانے کھا کر سب اُکتا جاتے ہیں ۔کبھی کبھار دل چاہتا ہے کہ کچھ مختلف بنائے ،اسی لیے اس ہفتے ہم آپ کو چائنیز کھانے کی تراکیب بتا رہےہیں ،انہیں آزما کر گھر والوں کو ان کی لذّت سے لطف اندوز کریں۔

چکن شاشلک

اجزاء: چکن بون لیس آدھا کلو،لہسن ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ،مسٹرڈ پیسٹ آدھا چا ئے کا چمچہ،لال مرچ آدھا چا ئے کا چمچہ،نمک آدھا چائے کا چمچہ،سفید مرچ آدھا چائے کا چمچہ، اجینو موتو (چائنیز نمک )دو چائے کے چمچے،سویا سوس دو چائے کے چمچے،سرکہ دو چائے کے چمچے،چینی آدھا چائے کا چمچہ، تیل دو چائے کے چمچے،اسٹکس حسب ِ ضرورت،شملہ مرچ دو عدد (کیوب میں کٹی ہوئی)،ٹماٹر دوعدد (کیوب میں کٹےہوئے)،پیاز دو عدد (کیوب میں کٹی ہوئی)

ترکیب: سب سے پہلے تمام اجزاء کو مکس کرکے چکن پر اچھی طرح لگا دیں اور30 منٹ کے لیے رکھ دیں۔ تمام سبزیوں کو کیوب میں کاٹ کر میرینیشن میں مِلا دیںاور پھر چکن اور سبزیاں اسٹک پر لگائیں۔ (پہلے پیاز، پھر ٹماٹر پھر شملہ مرچ پھر چکن)۔فرائی پین میں ایک چائے کاچمچہ تیل ڈال کرفرائی کرلیں۔

چکن جلفریزی

اجزاء: چکن بولیس آدھا کلو ،تیل آدھا کپ،پیازدو عدد،ادرک لہسن کاپیسٹ دو کھانے کے چمچے،ٹماٹو پیوری ایک کپ،سفید مرچ آدھا کھانے کا چمچہ،کالی مرچ آدھا کھانے کا چمچہ (کُٹی ہوئی)،نمک ایک کھانے کا چمچہ،لال مرچ ڈیڑھ کھانے کا چمچہ (پسی ہوئی)،ہلدی ایک چائے کا چمچہ،سرکہ ایک چوتھائی کپ،سویاسوس تین کھانے کے چمچے

ترکیب: تیل میں پیاز اور ادرک لہسن کاپیسٹ ڈال کر لال کرلیں۔اب اس میں ٹماٹو پیوری، سفید مرچ، کٹی کالی مرچ، نمک، پسی لال مرچ اور ہلدی شامل کرکے مسالا بھون لیں۔اس کے بعد سِرکہ، سویا سوس، چکن اور تمام سبزیاں ڈال کر دس منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں ۔پھر چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔

ڈرائی چکن چلی ود چائنیز رائس

اجزاء: چاول دو کپ (چکن کی یخنی میں ابا لیں)،چکن آدھا کلو(ٹکڑوں میں کاٹ لیں)، نمک حسب ضرورت،زیتون کا تیل پانچ چائے کے چمچے،کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ،گاجر، شملہ مرچ، ہری پیاز، حسب ضرورت (سب کو باریک کاٹ لیں) ،ہری مرچیں چار عدد،چکن یخنی ایک کپ،سویا سوس دو کھانے کے چمچے،چائنیز نمک ڈیڑھ چائے کا چمچہ،پساہوا لہسن ایک سے ڈیڑھ کھانے کا چمچہ

ترکیب: سب سے پہلے چاول کو مرغی کی یخنی میں تین کنی ابال لیں پھر اسے الگ رکھ دیں۔اس کے بعد کڑاہی میں تھوڑا سازیتون کا تیل، کٹی ہوئی سبزیاں اور چاول ڈال کر فرائی کریں۔اسی دوران اس میں چائنیز نمک، کالی مرچ ڈالیں اور اسے الگ اتار کر رکھ لیں۔ پھر فرائی پین میں تین چمچے زیتون کا تیل، چکن کے ٹکڑے اور پسا ہوا لہسن ڈال کر فرائی کرلیں۔اس کے بعد چکن کی یخنی (جو پہلے نکال کر الگ رکھی ہوئی تھی) تقریباً ایک کپ اس میں ڈال کر خشک کرلیں۔خشک ہونے پر اس میں ادرک (لمبی کٹی ہوئی) سویا ساس اور ہری مرچیں ڈال دیں پھر الگ ڈش میں چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔

کرنچی گارلک چکن

اجزاء: لہسن ایک عدد (باریک کٹا)،لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچہ ،مکھن دو کھانے کے چمچے،کالی مرچ ایک کھانے کا چمچہ،سفید مر چ ایک کھانے کا چمچہ،انڈا ایک عدد (پھینٹا ہوا)،مرغی کا سینہ چار سے چھ عدد (فلیٹس)،سرکہ چار کھانے کے چمچے،اوریگا نو ایک کھانے کا چمچہ،تیل حسب ِضرورت

ترکیب: سب سے پہلے لیموں کا رس، لہسن، مکھن، پارسلے، نمک اور کالی مرچ ان سب کو چوپر میں پیس کر ایک مکسچر بنالیں۔پھر ایک پلیٹ میں بریڈ کریمبز اور دوسری پلیٹ میں نمک اور کالی مرچ ملا کررکھ لیں ۔اب چکن کےچھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں اور اس میں نمک، کالی مرچ، سرکہ اور اوریگانو کو اس پر اچھی طرح لگا دیں۔ انڈوں کو پھینٹ کر علیحدہ رکھ دیں۔اب چکن کو سب سے پہلے والے مکسچر میں کوٹ کریں،پھر میدے میں،پھر انڈے میں اور آخر میں بریڈ کرمبز میں کوٹ کریںاور اچھی طرح فرائی کریں اورمزے دار چٹنی کے ساتھ پیش کیجیے۔

تازہ ترین