• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’عامر کیانی کو ہٹانے کی وجہ کرپشن نہیں کوتاہی ہے‘

وزیراعظم عمران خان کی معاون برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عامر کیانی کو وزارت سے ہٹانے کی وجہ کرپشن نہیں کوتاہی ہے۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا، کابینہ اجلاس پر میڈیا کو بریفننگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گیس بلوں میں دانستہ ردوبدل کی وجہ سے وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کو ہٹایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ ادویات کی قیمتوں میں کمی اور چین کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے کی منظوری دے دی۔

معاون برائے اطلاعا ت نے مزید کہا کہ چین سے آزاد تجارت کا معاہدہ وزیراعظم کی کامیاب سفارت کاری کا ثبوت ہے،معاہدے کے تحت چین پاکستان کو313 مصنوعات پرڈیوٹی فری رسائی دے گا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ و زیراعظم چین سے آزاد تجارت کے معاہدے پر دستخط 28 اپریل کو دورہ چین کے دوران کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دواؤں کی قیمتیں حقیقی سطح پر لائی جائیں گی، کمپنیوں نے جو منافع کمایا ہے،اسے واپس لے کر بیت المال میں جمع کرایا جائے گا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ سابق حکومت نے ایل این جی معاہدے میں قوم کے ساتھ فراڈ کیا، خطے میں سب سے مہنگی ایل این جی خرید کر قیمتیں 15سال کے لیئے منجمد کی گئیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرپشن اور مک مکا سے جمہوریت کا نقصان ہوا،ایل این جی معاہدے سے کچھ افراد کو فائدہ پہنچایا جارہا تھا،اب معاہدہ نئی شرائط اورکم ترین نرخ پر شفاف طریقے سے کیا جائے گا ۔

تازہ ترین