• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت لال شہباز کا عرس، تمام انتظامات مکمل

برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت سید عثمان مروندی المعروف لال شہباز قلندر رحمت اللہ علیہ کے 767 ویں عرس مبارک کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ جامشورو کی طرف سے انتظامات مکمل ہوگئے، 24، 25 اور 26 اپریل کو تین روزہ عرس مبارک کے لئے 5000 سے زائد سیکیورٹی اہلکار مقرر،200 رینجرز اہلکاروں کے علاوہ پاک فوج بھی اس حوالے سے اقدامات کرے گی۔

انٹیلی جنس نیٹ ورک ہائی الرٹ کردی گئی ہے، سخت گرمی کو مد نظر رکھتے ہوئے سہون شریف کے مختلف مقامات پر پانی کے شاورز نصب کردیئے گئے۔

دس لاکھ سے زائد منرل واٹر کی بوتلوں کا انتظام بھی کیا گیا ہے، عرس کی تقریبات کا باقاعدہ افتتاح بدھ کی صبح گورنر سندھ عمران اسماعیل حضرت لال شہباز قلندر رحمت اللہ علیہ کے مزار پر چادر چڑھا کر کریں گے۔

عرس کے موقع پر ضلع جامشورو میں جمعہ 26 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین شہباز میلا کمیٹی اور ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن ریٹائرڈ فرید الدین مصطفی نے کہا ہے کہ حضرت لال شہباز قلندر رحمت اللہ علیہ کا سالانہ 767 واں عرس مبارک 18 سے 20 شعبان المعظم بمطابق 24، 25 اور 26 اپریل کو سہون شریف میں بڑی عقیدت و احترام اور شاندار طریقے سے منانے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

جس میں موجودہ حالات کو نظر میں رکھتے ہوئے زائرین کو مکمل سہولتیں فراہم کرنے کے لئے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔محکمہ موسمیات نے میلے کے دوران شدید گرمی کی بھی پیش گوئی کی ہے جس کی وجہ سے سہون اور انڈس ہائی وے کے مختلف مقامات پر دو سو سے زائد ٹھنڈے پانی کی سبیلوں کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 62 ایمرجنسی ریسپانس سینٹرز قائم کردئے گئے ہیں جبکہ پہلی بار 30 ہزار زائرین کی رہائش کے لئے آرمی خیمے نصب کئے گئے ہیں۔

مختلف مقامات پر طبی امدادی مراکز اور ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کرنے کے علاوہ گشتی امدادی ٹیمیں تشکیل دے کر مطلوبہ ادویات کے خاص انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے محکمہ صحت کے حکام  کو ہدایات دیں کہ زائرین کے لئے طبی سہولیات فرہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔

جبکہ سیکیورٹی کے لئے مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے، درگاہ اور عوامی مقامات پر واک تھرو گیٹس نصب کرکے وہاں پر مرد پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ خواتین اہلکاروں کو بھی مقرر کیا گیا ہے، جبکہ درگاہ کے قریب مرکزی سی سی ٹی وی کنٹرول روم کے علاوہ ڈرون کیمرے کے ذریعے بھی سیکیورٹی صورتحال کو فضائی طور پر مانیٹر کیا جائے گا۔

گذشتہ عرس مبارک کے مقابلے میں رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھانے، انٹیلی جنس نیٹ ورک کو وزیادہ فعال و موثر کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے قریبی اضلاع سے ایمبولنسز اور فائر برگیڈ کی گاڑیوں کو بھی اسٹینڈ بائی پر رکھا گیا ہے۔

دریں اثنا محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذارا فضل پیچوہو کے احکامات پر ڈائریکٹر جنرل سندھ ڈاکٹر مسعود سولنگی نے حیدرآباد، ٹھٹھہ،ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہیار، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد، نوشہروفیروز، لاڑکانہ، مٹیاری اور دیگر اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو عرس مبارک کے موقع پر ایمبولس سروس فراہم کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایمرجنسی نافذ کرکے 23 اپریل سے 27 اپریل تک اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

دوسری جانب عرس مبارک کے موقع پر سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر معین الدین صدیقی کی جانب سے انسٹیٹیوٹ میں 22 اپریل سے 30 اپریل تک ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، عرس مبارک کے دوران سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں الگ ایمرجنسی کنٹرول سیل قائم کرکے اس کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ایمرجنسی کنٹرول سیل کے لئے خصوصی نمبر 0254620317 جاری کیا گیا ہے، اس سلسلے میں سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر معین الدین صدیقی نے میلے سے متعلق مکمل پلان بھی جاری کریا ہے۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر جامشورو فرید الدین مصطفی نے حیسکو انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ عرس مبارک کے تینوں دن بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کریں اور بجلی کے کسی فالٹ کی صورت میں فوری طور پر بجلی بحالی کے لئے حیسکو عملدار اور ٹیکنیکل اسٹاف پر مشتمل ٹیمیں میلے کے تینوں دن سہون شریف میں موجود رہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سہون شریف کی نہریں جن میں اڑل واہ، دانستر واہ اور سم نالے میں نہانے پر پابندی لگاتے ہوئے وہاں پر پولیس کے ساتھ ساتھ پہلی مرتبہ نیوی کے کے اہلکاروں کو بھی تعینات کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔

محکمہ اطلاعات کے صوبائی مشیر بیریسٹر مرتضیٰ وہاب، صوبائی سیکریٹری عمران عطا سومرو، ڈائریکٹر جنرل پبلک رلیشنز منصور احمد شیخ، ڈویزنل ڈائریکٹر حیدرآباد زاہد مصطفی میمن کی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد صابر کاکا کی سربراہی میں شہباز آڈیٹوریم کے قریب محکمہ ثقافت کی لائبریری میں ’’میڈیا سیل‘‘ قائم کیا گیا ہے جہاں پر سید غلام محمد شاہ، سید ذیشان نقوی، سعید احمد شیخ، محمد علی سموں، ممتاز علی سموں، منظور حسین قمبرانی، ذوالفقار علی عمرانی، حیدر علی قمبرانی و دیگر اپنی خدمات سرانجام دیں گے سائیں کے زائریں میں مفت تقسیم کیا جائے گا۔

تازہ ترین