• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وی ہیووی ول،فتح کےجذبے سے سرشار پاکستانی کرکٹرز انگلینڈ پہنچ گئے

  کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) سرفراز احمد کی قیادت میںفتح کے جذبے سے سرشار پاکستانی کرکٹ ٹیم منگل کی شام لاہور سے لندن پہنچ گئی۔مشکل دورے کیلئے گرین شرٹس کا نعرہ ہے’’وی ہیو، وی ول‘‘۔یعنی ہم نے پہلے یہ کیا تھا، اب بھی کرینگے۔ پاکستانی کرکٹرز کینٹ کے خلاف پہلے میچ کے لئے لندن کے ہوٹل میں رہائش پذیر ہیں۔ پہلے مرحلے میں انگلینڈ میں پانچ ون ڈے انٹر نیشنل اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کھیلا جائے گا جبکہ 30مئی سے مشن ایمپوسیبل کی حصول کے لئے پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔2015میں پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل کھیلا تھا اس ٹیم کےدو کھلاڑی کپتان سرفراز احمد اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل موجودہ پاکستانی ٹیم کا حصہ ہیں۔ پندرہ رکنی ٹیم میں جبکہ چار سال پہلے آسٹریلیا نیوزی لینڈکے ورلڈ کپ کے سپورٹ اسٹاف میں شامل بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور ٹرینر گرانٹ لوڈن چار سال بعد بھی پاکستانی ٹیم میں شامل ہیں۔ سرفراز احمد نے روانگی سے قبل مختصر بیان میں کہا ہے کہ ٹیم کے لئے دعا کریں ٹیم بھرپور جذبے اور عزم سے میگا ایونٹ میں شرکت کرے گی اور شائقین کو مایوس نہیں کرے گی۔ پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرتے رہیں۔ 2015کے ورلڈ کپ کی ٹیم کے اہم کھلاڑی مصباح الحق، یونس خان، شاہد خان آفریدی، عمر اکمل، راحت علی، ناصر جمشید، وہاب ریاض ، محمد عرفان، سہیل خان اور احمد شہزاد موجودہ ٹیم میں شامل نہیں ہیں ۔ ہیڈ کوچ وقار یونس کی جگہ مکی آرتھر نے لی ہے۔ شعیب ملک اور محمد حفیظ اپنا آخری ورلڈ کپ کھیلنے انگلینڈ پہنچے ہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔ انگلینڈ کو ہوم آف کرکٹ کہا جاتا ہے ۔ کرکٹ کی جنم بھومی میں 1975،1979، 1983،1999کے بعد پانچویں بار ورلڈ کپ کا میلہ سج رہا ہے۔ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان کا پہلا ہدف سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ مجھے اپنے کھلاڑیوں پر مکمل بھروسہ ہے اور ٹیم اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔ امام الحق،فخر زمان، عابد علی، بابر اعظم، محمد حسنین، حسن علی، شاداب خان، فہیم اشرف، عماد وسیم اورشاہین شاہ آفریدی پہلی بار ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔ ٹیم 27اپریل کو کینٹ کائونٹی کے خلاف میچ سے دورے کا آغازکرے گی۔3 پریکٹس میچز کے بعد 5مئی کو انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا، پھر 5ون ڈے میچزکی سیریز ہوگی۔ ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز 30 مئی سے ہوگا جب کہ ہر ٹیم سیمی فائنل سے پہلے 9، 9 میچ کھیلے گی۔ پاکستانی ٹیم کا ورلڈ کپ میں پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ برج میں ہوگا۔2015کے ورلڈ کپ کے بعد پاکستان نے ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑی کامیابی سرفراز احمد اور مکی آرتھر کے ساتھ انگلینڈ میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیت کر حاصل کی۔ ون ڈے میچوں میں پاکستان نے سری لنکا، ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور آئر لینڈ کے خلاف سیریز جیتی ہے۔ تاہم آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا حتیٰ کہ بنگلہ دیش کے خلاف بھی ٹیم مشکلات سے دوچار رہی ہے۔

تازہ ترین