• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک آزادی کشمیر کو سفارتی محاذ پر اجاگر کرنے کیلئے قومی کونسل بنائی جائے، راجہ نجابت  حسین

میرپور(جنگ نیوز) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر کی قیادت میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تحریک آزادی کو سفارتی محاذ پر اُجاگر کرنے کے لئے قومی کونسل تشکیل دی جائے جس میں آزاد کشمیر کی قومی سیاسی قیادت، حریت کانفرنس، گلگت بلتستان کی قیادت اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی مسلمہ قیادت کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے تا کہ عالمی برادری کو باور کرایا جاسکے کہ یہ خالصتاً کشمیری عوام کی اپنی آزادی کی تحریک ہے ۔ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ اپنے سفارتخانوں کے ذریعے دنیا کے ہر ملک اور اقوام متحدہ میں کشمیری نمائندوں کو سہولتیں مہیا کرے، بیرون ملک کشمیری اپنی سطح پر ہر قسم کی معاونت کریں گے ۔ کشمیریوں کی منظم جدوجہد ہی عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کو تقویت دلوا سکتی ہے جس کا واضح ثبوت برطانیہ اور یورپ کے ایوانوں اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے کمشنر کی حالیہ رپورٹس ہیں۔ بیرون ملک مقیم ریاست جموں وکشمیر کے باشندے بلا تنخواہ سفیر ہیں اور حکومت کو اُن کی بے شمار صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اُٹھانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار برطانیہ ؍ فرانس اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے کشمیری تارکین وطن کے نمائندوں کے اعزاز میں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں کیا گیا۔ ظہرانے میں ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی، صدر جموں کشمیر فورم فرانس مرزا آصف جرال ، سابق لارڈ میئر (بریڈ فورڈ) چوہدری اورنگزیب، چوہدری دلپذیر (لندن)، فیض حمید فیضی(نارتھ ہمپٹین)، محمد اسلم چوہدری(بریڈ فورڈ)، چوہدری محمد شبیر(برمنگھم)، راجہ جمروز خان(مانچسٹر)، چوہدری شکیل احمد(سلائو)، پروفیسر ذاکر سلیمی (بری) حاجی محمد بشیر (بریڈ فورڈ) دیگر نے شرکت کی۔ راجہ نجابت حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک اپنے بنیادی حق کیلئے ہے جسے دنیا نے تسلیم کر رکھا ہے، کشمیری مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں، اُن کی آواز کو دنیا زیادہ توجہ سے سن سکتی ہے، ہم وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے اس مطالبے کی مکمل حمایت کرتے ہیں کہ تحریک آزادی کشمیر میں آزاد کشمیر حکومت اور کشمیریوں کے کردار کا تعین کیا جائے اس مقصد کیلئے تحریک حق خودارادیت یہ مطالبہ کرتی ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی سربراہی میں قومی کونسل تشکیل دی جائے۔ راجہ نجابت حسین نے خطاب کرتے ہوئے تحریک حق خودارادیت کی سرگرمیوں اور مستقبل کے پروگرامات کے بارے میں تارکین وطن کے نمائندوں کو تفصیل سے بریف کیا۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ وہ برطانیہ اور یورپ میں کشمیری تارکین وطن کو متحرک اور متحد کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں اور برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور یورپی ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ مکمل لابی کرنے کیلئے مختلف سیمینارز اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی مظالم اور بربریت کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لئے تارکین وطن موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے آمدہ الیکشن کے دوران بھرپور لابی کر کے مسئلہ کشمیر کے لئے بڑی تعداد میں ممبران یورپی پارلیمنٹ کی حمایت حاصل کی جائے گی۔ تارکین وطن نے ظہرانے کے دوران اس بات کا یقین دلایا کہ وہ ہر وقت حکومت پاکستان اور حکومت آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔ تارکین وطن کے نمائندوں نے راجہ نجابت حسین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سب کو مل بیٹھنے کا موقع فراہم کیا تاکہ تارکین وطن اپنے اپنے مسائل بھی بیان کر سکیں اور اُن مسائل کے حل کے لئے لائحہ عمل بھی طے کیا جا سکے۔ میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ عیدالفطر کے فوراً بعد اسلام آباد، میرپور اور مظفر آباد میں اوورسیز کشمیر کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر، وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر اور وفاقی وزراء کو مدعو کیا جائے گا اور اُن کے ساتھ کشمیری تارکین وطن کے مسائل کے سلسلہ میں تفصیلی گفتگوکی جائے گی۔

تازہ ترین