• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبدیلی سرکار مکمل طور پر ناکام ہوچکی، چوہدری محمد یونس

نوٹنگھم (نمائندہ جنگ) آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے مرکزی سینئر نائب صدر چوہدری محمد یونس چھچھتروی نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ناتجربہ کار کپتان سیاست کے میدان میں بری طرح شکست کھا رہا ہے، چند ماہ میں ہی پارٹی کی بے شمار اہم شخصیات بھی مایوس ہوچکی ہیں۔ عمران خان اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہوجائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود اور پارٹی رہنمائوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری محمد یونس چھچھتروی نے کہا کہ نوازشریف ہمارا قائد اور لیڈر ہے۔ کوئی طاقت اب ان سے ہمیں دور نہیں رکھ سکتی اور کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہمارا قائد جیل میں ہے یا اپنے گھر ہے، انہوں نے کہا کہ تاریخ نوازشریف کے سنہری دور حکومت کو یاد رکھے گی، ملکی اور قومی نوعیت کے بے شمار منصوبے شروع کرکے معیشت کو استحکام بخشا گیا، لیکن موجودہ حکومت کو تو سمجھ ہی نہیں آرہی ہے کہ وہ کیا کرے۔ اسد عمر نے استعفیٰ دے کر نہ صرف اپنی بلکہ تبدیلی سرکار کی ناکامی کا کھلا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عوام مہنگائی اور سیاسی انتہا پسندی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔
تازہ ترین