• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وینس کی بین الاقوامی آرٹ نمائش میں پہلی مرتبہ پاکستانی پویلین

لندن( مرتضیٰ علی شاہ) پاکستان پہلی مرتبہ وینس کی بین الاقوامی آرٹ نمائش وینس بائینیل 2019میں سرکاری طورپر پویلین لگائے گا جس میںنائزہ خان کی کاوشیں نمائش کیلئے رکھی جائیں گی، ’’منوڑا فیلڈ نوٹس‘‘ کے زیر عنوان یہ پویلین زہرہ خان نے تیار کیاہے اور اسے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس اور فائونڈیشن آرٹ پیش کررہے ہیں، لندن اور کراچی کے درمیان رہنے والی نائزہ خان نے دی نیوز اور جیو کو بتایا کہ وینس آرٹ بائینیل میں پاکستان کی نمائندگی کاموقع ملنے پر میں بہت پرجوش ہوں یہ نمائش 6مئی سے 11 مئی تک جاری رہے گی۔نائزہ خان نے بتایا کہ وینس میں وہ نمائش میں منوڑا کے جزیرے سے گزشتہ ایک عشرے کے دوران جمع کئے گئے نوادرات پیش کریں گی جس میں ایک سائونڈ پیس، ملٹی سکرین ویڈیو اور تانبے کی ڈھلائی کی متعدد مصنوعات شامل ہیں، انھوں نے کہا کہ میں نے کراچی کی بندرگاہ اورمنوڑا کے درمیان مختلف مقامات پر تحقیق کی ہے اور اس بات کی ڈاکومنٹیشن اور میپنگ کی ہے کہ دنیا کے جنوبی حصے کے یہ لینڈ اسکیپ میں کس طرح بڑے پیمانے پر تبدیلیاں آئی ہیں۔ کیوریٹر نے واضح کیا کہ وینس بائینیل کاموضوع ہے ’’کیا آپ دلچسپ دور میں زندگی گزار رہے ہو؟ اس میں اشارتا جدید دور کی غیر یقینی صورت حال کا بھی ذکر کیاگیاہے، پاکستان کی جانب سے پیش کی جانے والی اشیا میں قدیم دور کا میٹریل، تاریخی تصورات اور مقامی کمیونٹیز سے بات چیت شامل ہے زہرہ خان نے جو فائونڈیشن آرٹ ڈیوی کی ڈائریکٹر بھی ہیں بتایا کہ مجھے فائونڈیشن آرٹ ڈیوی کی تازہ ترین کوششوں پر فخر ہے جس کے تحت پاکستان کے ہم عصرآرٹ کو عوام کے سامنے پیش کیاجائے گا۔پاکستان میں لاجواب آرٹ کے مناظر موجود ہیں اور عالمی سطح پر اسے پیش کیاجانا بڑی اہمیت رکھتاہےاس پویلین سے دنیا کے سامنے پاکستان کاایک انتہائی مختلف منظر یاچہرہ دکھانے کاموقع ملے گا۔
تازہ ترین