• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوٹن بار و کونسل کے انتخابات کے حوالے سے کمیونٹی میں جوش و خروش

لوٹن (شہزاد علی) لوٹن بارو کونسل کے 2مئی کے انتخابات پر پاکستانی کمیونٹی میں خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ مختلف امیدوار اور ان کے حمایتی ڈور ٹو ڈور جاکر مہم چلا رہے ہیں۔ چیدہ شخصیات نے اپنے تاثرات بھی جنگ کے ذریعے درج کرائے ہیں۔ اس حوالے کنزرویٹو امیدوار ڈاکٹر یاسین رحمٰن نے کہا ہے کہ کنزرویٹو پارٹی لوگوں کی بہتر چوائس ہونی چاہئے کیونکہ مرکزی ٹوری حکومت نے برطانیہ کی معیشت کو مستحکم کیا ہے۔ بے روزگاری میں کمی لائی گئی ہے البتہ ملک کو بریگزٹ ایشو درپیش ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کشمیر فورم یوکے، سابق کائونٹی اور سابق لوٹن بارو کونسلر چوہدری محمد بشیر اور پی پی کے پیر سید اعجاز محی الدین قادری نے کہا ہے کہ لیبر پارٹی کمیونٹی کے لئے ناگزیر ہے جبکہ چوہدری محمد بشیر کا مزید کہنا تھا کہ کمیونٹی، جو کونسلرز اپنی نشستوں کا دفاع کر رہے ہیں ان سے اپنی پچھلی کارکردگی بھی معلوم کرے۔ پیر سید اعجاز محی الدین قادری کا یہ بھی کہنا تھا کہ کنزرویٹو مرکزی حکومتوں نے پسماندہ کونسلوں بشمول لوٹن کونسل کی بے حد کٹوتیاں کیں، پی ٹی آئی کے شکیل رفیق تھوتھالوی نے کہا ہے لیبر پارٹی پاکستانی کمیونٹی کی بہترین چوائس ہےجبکہ چیئرمین لوٹن اسلامک کلچرل سوسائٹی حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا ہے کہ لوٹن کمیونٹی کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔ کمیونٹی نوجوانوں کی قابل ذکر تعداد بے روزگار ہے ، جرائم اور ہائوسنگ کے مسائل الگ درپیش ہیں۔ اس لئے ووٹ پڑھے لکھے باشعور امیدواروں کو دیئے جائیں۔ جو سروسز ڈلیور کرنے کی اہلیت سے بہرہ ور ہوں۔ نائب صدر لوٹن مرکزی جامع مسجد ملک پنوں نے بھی کہا ہے کہ کمیونٹی اہل امیدواروں کو ووٹ دے۔ بری پارک لوٹن کی کاروباری شخصیت چوہدری عبدالغفار نے کہا ہے کہ لیبر پارٹی کمیونٹی کی امنگوں کی ترجمان ہے۔
تازہ ترین