• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمنٹ ڈائری:ہنگامہ اورالزام بازی،بدستورفرمان امروز بنارہا

اسلام آباد (محمد صالح ظافر/ خصوصی تجزیہ نگار) قومی اسمبلی کے دسویں اجلاس کے دوسرے روز منگل کو جب ارکان کی نجی کارروائی کا دن تھا،ہنگامہ اور الزام بازی،بدستور فرمان امروز بنارہا، قائد ایوان وزیراعظم عمران خان کی عدم موجودگی میں حکمراں تحریک انصاف کے ارکان نے حزب اختلاف کی وکٹ پر کھیلتے ہوئے ماحول کو کسی بھی مرحلے پرٹھہراؤ نہیں آنے دیا، اسپیکر اسدقیصر کی عدم موجودگی میں ایوان چلانے کی ذمہ داری ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے سر تھی وہ جب بھی مسندآرأ ہوئے ہیں ’’کہنہ مشق ‘‘ارکان ان کی نا تجربہ کاری سےخوب فائدہ اُٹھاتے ہیں اور موقع بے موقع اپنا الو سیدھا کرنے کے لیے شور شرابہ کرنے پر اتر آتےہیں، پیر کو اجلاس کے پہلے دن پیپلزپارٹی کےپارلیمانی گروپ لیڈر بلاول بھٹو زرداری نے نکتہ ذاتی استحقاق پر جو طوفان اُٹھایا تھا، منگل کو اس کی بازگشت ایوان میں سنائی دیتی رہی اُنہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں دوسرے دن بھی اپنی موجودگی کو یقینی بنایا اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں حکمرانوں کو رگیدا بطور وزیراعظم عمران خان کی غیرضروری خوداعتمادی نہ صرف ان کے لیے مشکلات کاباعث بنتی ہے بلکہ اس سے ملک و قوم کی بھی بھد اڑتی ہے، ایران کے دانشور صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے پہلو میں بیٹھ کر اپنی دیرزدہ نیوز کانفرنس میں اُنہوں نے جس طرح عالمی نقشے کو ’’زیر و زبر‘‘ کیا اور تاریخی حقائق کی توجہ جس انداز میں پیش کی اسے حزب اختلاف نےقابل لحاظ مشق آزمائی کی،جرمنی کو جاپان کا پڑوسی بنانا اور پھر دوسری جنگ عظیم میں دونوں کا ایک دوسرے کے لاکھوں افراد کو موت کی نیند سلا دینا اور سرحدی علاقوں میں صنعتی زون تعمیر کرنا ناقابل فہم تھا ان کے ہمسفر رفقا پر فرض عائد ہوتا تھا کہ وہ ان کی سہو کی نشاندہی کرتے لیکن ان کی پوری پارٹی میں کسی کو یارا نہیں کہ ایسی جرأت رندانہ کا مظاہرہ کرے اور تاریخ و جغرافیے کی اصلاح یا اسے درست کرنے کا مشورہ بھی دے سکے۔

تازہ ترین