• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ادویات کی قیمتیں،1500 میں 75 سے 80 فیصد اضافہ، 395 میں 30 سے40 فیصد کمی

اسلام آباد (حنیف خالد) چیف ڈرگ کنٹرولر نے تمام کیمسٹ حضرات کو ہدایت کی ہے کہ حکومت نے 395ادویات کی قیمتیں کم کی ہیں۔ جن کیمسٹ حضرات کے پاس ان تین سو پچانوے ادویات میں سے جو ادویات سٹاک میں موجود ہیں وہ فوری طور پر ڈسٹری بیوٹرز سے تبدیل کروا لیں۔ اگر کسی بھی میڈیکل سٹور یا فارمیسی پر پرانی قیمت والی ادویات پائی گئیں تو ان کیخلاف لیگل کارروائی ہو گی۔ اور اگر کوئی ڈسٹری بیوٹر تبدیل نہ کرے یا واپس شدہ میڈیسن کا کلیم نہ دے تو متعلقہ کیمسٹ اپنے علاقے کے ڈرگ انسپکٹر کو اسکی تحریری اطلاع دیں۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی سمری جو وفاقی کابینہ نے منگل کی شام منظور کی ہے اسکے مطابق جن 395 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے انکی کیمسٹ حضرات کی طرف سے ڈسٹری بیوٹرز کو واپسی اور ڈسٹری بیوٹرز سے ادویہ ساز کمپنی کو یہ سٹاک واپس بھجوانے اور ادویات ساز کمپنی کی طرف سے نئی قیمت کے لیبل پرنٹ کرنے کے دوران پاکستان بھر میں ادویات کی شارٹیج پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ بچوں کی الرجی کی دوائی کی قیمت وفاقی کابینہ نے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت 35 روپے فکس کی ہے جبکہ کمپنی والوں نے اسکی قیمت 53 روپے لیبل پر لکھ کر مارکیٹ میں سپلائی کی تھی۔ ڈریپ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے پچھلے ماہ ڈیڑھ ہزار کے لگ بھگ ادویات کی قیمتوں میں اوسطاً 70‘ 80فیصد اضافہ کیا تھا۔ منگل کو وفاقی کابینہ نے 395ادویات کی قیمتوں میں اوسطاً 30 سے 45 فیصد کمی کی ہے۔ گزشتہ ماہ محتاط اندازے کے مطابق پندرہ سو دوائیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ یہ اضافہ تیس سے 150فیصد تک تھا۔ کامن میڈیسن اور لائف سیونگ ڈرگز کی قیمتوں میں دس سے 15فیصد اضافہ ہوا تھا‘ جنرل آیٹمز میں 15سے 20فیصد اضافہ ہوا تھا۔ ایک دوسرے ذریعے کے مطابق پچھلے ماہ کم و بیش ڈیڑھ ہزار ادویات کی قیمتوں میں 75سے 80فیصد اوسطاً اضافہ ہوا تھا۔ اس اضافہ پر ملک بھر میں شدید احتجاج شروع ہو گیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے اس احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی کو گھر بھیج دیا۔ 18اپریل 2019ء کو ڈپٹی ڈائریکٹر کاسٹنگ اینڈ پرائسنگ ملک محمد اسد نے چیف ڈرگ کنٹرولر گورنمنٹ آف پنجاب لاہور کو سرکلر نمبر ایف۔ گیارہ۔ 5‘ 2019ء ڈی ڈی پی بھیجا جس میں کہا گیا کہ زیردستخطی کو لیٹر نمبر سی ڈی سی/ڈی/زیرو فور/2019ء کے حوالے سے کہا گیا کہ منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈیشن ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایس ار او نمبر 1610ون مجریہ 31دسمبر 2018ء ایس آر او 34(1) 2019ء کے ذریعے نوٹیفائی کی گئی ڈرگز کی کم سے کم ریٹیل پرائس شامل کی گئی ہے۔

تازہ ترین