• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

خودکش حملہ آور بھائی تھے،داعش نےسری لنکاحملوں کی ذمےداری قبول کرلی


کولمبو (خبرایجنسیاں )سری لنکا میں گرجا گھروں اورہوٹلوں پر دہشت گردحملوں میں ہلاکتوں پر یوم سوگ منایا گیا ،مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے ہلاک شدگان کے احترام میں 3منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، دوسری جانب ان حملوں میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 321ہو گئی ، یونیسیف کا کہنا ہے ہلاک ہونیوالوں میں 45بچے بھی شامل تھے ،اب تک ان دہشت گردانہ حملوں کی تفتیش کے دوران مشتبہ 40 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، انتہا پسند تنظیم داعش نے سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں پر 8 دھماکےکرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ اطلاعات ہیں کہ خود کش حملہ آور 2بھائی تھے۔

سری لنکن وزیر دفاع نے کہا ہےکہ اتوار کو ہونےوالے حملے نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملوں کا ردعمل تھا،ادھرسری لنکا میں دہشت گردی میں ہلاک شدگان کی آخری رسومات کی ادائیگی کا عمل بھی شروع ہو گیا،ملک بھرمیں سرکاری طورپریوم سوگ منایا گیا ،سری لنکا کے وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ معصوم جانوں کے ضیاع پر منگل کو سری لنکا سوگ منا رہا ہے، یومِ سوگ کے موقع پر ملک بھر میں پرچم سرنگوں رہے اور عوام نے مختلف مقامات پر جمع ہو کر ہلاک شدگان کو خراجِ تحسین پیش کیا، سینٹ اینتھونی شرائن میں شمعیں روشن کی گئیں اور لوگوں نے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر اپنے آنکھیں بند کر کے مرنے والوں کو یاد کیا،پولیس کے ترجمان کےمطابق مبینہ خود کش بمباروں کے استعمال میں رہنے والی وین کے ڈرائیور سمیت 40 افراد کو گرفتار کیا گیا ہےاور ان سےپوچھ گچھ کی جا رہی ہے جبکہ ذرائع کےمطابق دھماکوں سےکئی گھنٹےقبل سری لنکن خفیہ اداروں کو دہشتگردی کی اطلاع مل گئی تھی ، جبکہ بھارتی خفیہ ادرے کے اہلکاروں نے2گھنٹے قبل سری لنکن خفیہ افسران سے رابطہ بھی کیاتھا ،سری لنکا کے صدر نے ملک کی افواج کو بڑے پیمانے پر مشتبہ افراد کی گرفتاریوں کے اختیارات دے دیئے،سری لنکن وزیر اعظم وکرما سنگھے نے کہا کہ دہشتگردوں کے داعش سے رابطوں کا یقین ہے ، اس سے قبل داعش نے سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں پر 8 دھماکےکرنے کا دعویٰ کیا،داعش کی ترجمان نیوز ایجنسی نے دعوی کیا کہ سری لنکا امریکا کا اتحادی ہے ،وہاں خود کش حملے داعشی جنگجوئوں نے کیے مگر اس سلسلے میں کو ئی تصویر یاثبوت فراہم نہیں کیے گئے ۔

تازہ ترین